جاپان میں شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ

ٹوکیو : یکم جنوری (ایجنسیز)

جاپان کے قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے پر انتباہی پیغام میں نوٹو خطے میں آنے والے سات اعشاریہ چھ 7.6 کی شدت کے زلزلے کے بعد مقامی باشندوں سے کہا گیا کہ وہ زیریں علاقوں سے فوری طور پر نکل جائیں۔

امریکی ریاست ہوائی میں قائم پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں تین سو کلومیٹر کے علاقے میں سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں۔

جاپانی شہر واجیما میں ڈیڑھ میٹر تک بلند سونامی لہریں ساحل سے ٹکرانے کی اطلاعات ہیں جبکہ کہا گیا ہے کہ نوٹو خطے میں کچھ مقامات پر پانچ میٹر تک بلند لہریں ساحلی علاقے سے ٹکرائیں۔

جاپانی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق بحیرہ جاپان سے ملحق نوٹو کے خطے کے اہم جزیرے ہونشو میں زلزلے کے جھٹکے بدستور محسوس کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات اہم ہے کہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق چار بج کر دس منٹ پر شمالی جاپان میں نوٹو کے خطے میں سات اعشاریہ چھ کی شدت کا زلزلہ آیا، جب کہ اس کے آٹھ منٹ بعد چھ اعشاریہ ایک کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس زلزلے کے بعد جاپانی نشریاتی اداروں پر خصوصی پروگرام چلائے گئے اور لوگوں سے بار بار استدعا کی گئی کہ وہ بلند مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔

واضح رہے کہ جاپان میں تعمیرات کے سلسلے میں انتہائی سخت ضوابط نافذ ہیں، جن کے تحت یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ عمارات زلزلے کا مقابلہ کر سکیں جب کہ اس ملک میں زلزلے کی صورت میں بچاؤ کے لیے خصوصی تربیتی مشقیں بھی کی جاتی ہیں۔

تاہم جاپان میں اب تک مارچ 2011 کے زلزلے کی یادداشتیں باقی ہیں، جب کہ9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں سونامی کی انتہائی بلند لہروں کے نتیجے میں ساڑھے اٹھارہ ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں دیگر لاپتا ہو گئے تھے