پولیس والے ہی اسمگلر نکلے

گانجہ اسمگل کرتے ہوئے آندھرا پولیس کے دو کانسٹیبل حیدر آباد میں گرفتار

حیدر آباد : 2/فروری (ایجنسیز)

سائبرآباد بالا نگر ٹاسک فورس پولیس نے آج  آندھرا پردیش محکمہ پولیس کے دو کانسٹیبل کو شہر میں  گانجہ اسمگل کرتے ہوئے پکڑ لیا۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح باچو پلی علاقہ میں دو افراد کی جانب سے گانجہ فروخت کرنے کی اطلاع کے بعد  بالا نگر پولیس نے شک کی بنیاد پر اے پی 39 کیو ایچ 1763 نمبر پلیٹ والی ماروتی ایکو گاڑی کی تنقیح عمل میں لائی۔

اس گاڑی میں چھپائے گئے 22 کلو گرام گانجہ کو پولیس نے برآمد کیا جو کہ 11 پیاکٹوں میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ اس کی مالیت 8 لاکھ روپئے بتائی جارہی ہے۔

گاڑی میں موجود افراد سے پوچھ تاچھ پر  پتہ چلا کہ ان کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع کاکیناڈا میں موجود  اے پی ایس پی  پولیس کے تیسری بٹالین سے ہے جن میں سے ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ایک کانسٹیبل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے۔

ملزمان نے بتایا کہ صحت کی خرابی کی وجہ سے چھٹی لے کر وہ پہلی بار گانجہ کی اسمگلنگ کررہے تھے تاکہ اس کے ذریعہ پیسہ کمایا جاسکے۔

پولیس نے دونوں ہی ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کی کار کو بھی ضبط کرلیا۔