نت نئے ترقیاتی کاموں سےعادل آباد شہر جگمگا اٹھا
رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا کی خصوصی دلچسپی سے شہر میں کروڑہا روپیوں کے ترقیاتی کام جاری

عادل آباد: (محمد عابد علی؍اپنا وطن نیوز)۔۔۔۔ریاست تلنگانہ اور مہاراشٹرا کی سرحد پر واقع شہر عادل آباد ان دنوں اپنے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے نہ صرف تلنگانہ بلکہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کی عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ عام انتخابات سے قبل ریاستی وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے دورہ شہر عادل آباد کے موقع پراس ضلع کے جنگلات اور سرسبزوشادابی کو دیکھتے ہوئے اس ضلع کو ’’دوسرا کشمیر‘‘سے تعبیر کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اس ضلع کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ان کی حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ اسی کڑی کے طور پر سابق ریاستی وزیر و موجودہ رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا نے ضلع عادل آباد بالخصوص شہر عادل آباد کی ہمہ تن ترقی کا آغاز عمل میں لایا تھا اور اب ان ترقیاتی کاموں کو مجلس بلدیہ عادل آباد کا انتظامیہ پایہ تکمیل تک پہنچارہا ہے۔

چونکہ صدر نشین بلدیہ کے عہدہ پر خود ان کے فرزند مسٹر جوگوپرمیندر اور نائب صدر نشین مجلس بلدیہ کے عہدہ پر ان کے قریبی رفیق مسٹر ظہیر رمضانی فائز ہیں لہذا شہر میں وسیع و عریض سڑکوں کی تعمیر، کشادہ چوراہوں کی تعمیر اور ان میں خوبصورت لائٹنگ، شہر میں ڈیوائیڈر و سنٹرل لائٹنگ کے نظام کی تنصیب میں انھیں کوئی دشواری پیش نہیں آئی اور وقت بہ وقت ریاستی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے کروڑہا روپیوں کی منظوری عمل میں لائی جس کا نتیجہ ہے کہ آج شہر عادل آباد کا شمار ریاست تلنگانہ کے ترقی یافتہ شہروں میں ہونے لگا ہے۔
شہر میں ترقیاتی کاموں کے افتتاحی پروگراموں کے ضمن میں رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے تلنگانہ چوک کا شاندار پیمانے پر افتتاح عمل میں لایا۔ افتتاحی تقریب میں لیزر شو اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جو کہ عوام کی توجہ کا مرکز تھے۔ اس موقع پر جوگورامنا نے کہا کہ حزب مخالف جماعتوں کے پاس حقائق سامنے لانے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے لہذا وہ عوامی مفاد کے لئے کام کرکے آگے بڑھیں گے۔ نہ صرف شہر کو خوبصورت بنایا جائے گا بلکہ عوام کو بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ اس افتتاحی تقریب کے موقع پر صدر نشین بلدیہ مسٹر جوگوپرمیندر، نائب صدر نشین بلدیہ ظہیر رمضانی، راتھوڑ منوہر، کمشنر بلدیہ شیلجہ، بی آر ایس ٹاؤن صدر اجئے، کونسلرس و نمائندہ کونسلرس کی بڑی تعداد موجود تھی۔


