عادل آباد : 22 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
انڈین یوتھ کانگریس اسمبلی صدر مسٹر عرفات احمد خان نے آج ضلع کلکٹر عادل آباد راہول راج پی ایس سے ملاقات کرتے ہوئے مستحق اقلیتی بیروزگاروں کو ایک لاکھ روپئے امدادی رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے ضلع کلکٹر کو یادداشت حوالے کرتے ہوئے بتایا کہ سابق میں مجلس بلدیہ عادل آباد کی جانب سے اقلیتی نوجوانوں کو اقلیتی فینانس کارپوریشن سے قرضہ جات کی فراہمی کے ضمن میں درخواستیں وصول کی گئی تھیں تاہم بلدیہ کو موصول ہوئی 2600 درخواست گزاروں کی تنقیح عمل میں نہیں لائی گئی ۔

انھوں نے ضلع کلکٹر سے خواہش کی کہ وہ مستحق اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کو قرضہ جات کی فراہمی کے لئے بلدیہ عہدیداران کے ذریعہ دوبارہ انکوائری کروائیں ۔ انھوں نے امدادی رقم کی تقسیم ایسے مسلم بیروزگار نوجوانوں میں عمل میں لانے کی گزارش کی جو کہ معاشی طور پر نہایت ہی کمزور ہوں۔ انھوں نے بیوہ خواتین، معذورین اور نہایت ہی پسماندہ اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کو فوقیت دیتے ہوئے انھیں امدادی رقم دینے کا مطالبہ کیا۔
قبل ازیں مسٹر عرفات احمد خان نے دفتر ضلع اقلیتی بہبود آفیسر کے روبرو احتجاج کیا۔ بعد ازاں انھوں نے دیگر پارٹی کارکنوں کے ہمراہ اقلیتی بہبود آفیسر جی کرشنا وینی سے ملاقات کی اور انھیں بھی یادداشت حوالے کی۔
احتجاجی پروگرام کے دوران سید محسن پٹیل، مخدوم احمد، ناہد شیخ، شہباز قریشی، محمد وسیم رمضانی، انّو بھائی کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین موجود تھے۔

