اوکلا ہاما : 25 ؍ ( انٹرنیٹ ڈیسک )
امریکہ کا ایک 11 سالہ لڑکا اس وقت حیران رہ گیا جب اس نے ہفتے کے آخر میں اوکلاہوما کے ایک تالاب میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے انسان نما دانتوں والی نایاب مچھلی پکڑی۔
اس لڑکے کا نام چارلی کلنٹن ہے جس نے مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران ایک نایاب مچھلی کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی جس کے دانت انسان نما پائے گئے۔
محکمہ وائلڈ لائف کنزرویشن اوکلا ہاما نے اس لڑکے اور نایاب مچھلی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کیں اور بتایا کہ اس نایاب مچھلی کا تعلق Pacu خاندان سے ہے، جو جنوبی امریکہ میں رہنے والی مچھلیوں کی نسل کا ایک گروپ ہے اور یہ ’’پیرانہاس‘‘ سے قریبی تعلق رکھتا ہے۔

ان کی ایک جیسی شکل کی وجہ سے انہیں اکثر "سبزی خور پرانہاس” کہا جاتا ہے اور عام طور پر گھروں اور دفاتر میں نمائش کے لئے رکھے جانے والے ایکویریم مالکان کو پالنے کی غرض سے ان مچھلیوں کو فروخت کیا جاتا ہے۔
یہ مچھلیاں عام طور پر انسانوں کے لیے بے ضرر ہوتی ہیں۔
امریکن میوزیم آف نیچرل ہسٹری (AMHN) کے مطابق، ان کے چپٹے، انسان نما دانت ممکنہ طور پر ان کی متنوع خوراک کا نتیجہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس پوسٹ نے بہت زیادہ دلچسپی پیدا کی ۔ لوگ مختلف قسم کے تبصرے کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
ایک صارف نے لکھا، ”انسانی دانتوں والی مچھلی ہمیشہ پریشان کن ہوتی ہے۔”
ایک اور نے مذاق میں کہا، ”مچھلی بچے سے زیادہ حیران نظر آتی ہے۔”

