جینور فساد متاثرین میں 50 ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم

جینور۔23/دسمبر (پریس ریلیز)

ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے منڈل مستقر جینور میں 4/ستمبرکوہوئے فسادات، تشددوآگزنی سے متاثرہ مستحق افرادمیں رہبرفاؤ نڈ یشن حیدرآباد وصفابیت المال کی جانب سے آج مستقرجینور کے مسجدبلال عید گاہ گراؤنڈ میں 50ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

مسلم وغیرمسلم 31 میوہ فروش بیروزگار، 15 ترکاری فروش بیروزگار اور 4 اسٹیشنری فرو خت کرنے والے افراد میں ان ٹھیلہ بنڈیوں کو مفت تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ بنڈیوں کے ہمراہ ان میں  فروخت کی جانے والی ترکاری، اسٹیشنری سامان بھی انہیں مفت فراہم کیا گیا۔

اس موقع پر مولانارضوان صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اللہ پرتوکل رکھتے ہوئے ہرکام کو کرنا چاہیے۔کیونکہ جوبھی حالات آتے ہیں وہ اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سےآتے ہیں۔

ہمیں اپنی روزہ مرہ زندگی میں اچھے اخلاق کو لوگوں کے سامنے پیش کر ناچاہیے۔اسلام ہمیں زندگی کےہرشعبہ میں اخلاق، دیانت داری،سچائی اور ہمدردی سکھاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری ناپ تول میں کمی نہ کریں، بری عادتیں و بری صحبتوں سے پرہیز کریں اورصوم و صلات کی بھی پابندی کرنی چاہئے۔

اپنی نصیحت میں انہوں نے کہا کہ محنت کیجئے اوراپنی اولاد کو تعلیم یافتہ بنایئے،تعلیم ہی سےانسان ترقی کی طرف گامزن ہوتا ہے۔

فاؤنڈیشن کا مقصد بے روزگار افراد کو روزگار سے مربوط کرنا ہے۔

بعد ازاں سماجی کارکن و کرسپانڈینٹ کیرالاگرامر اسکول شیخ جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کرنے والے افراد اچھا برتاؤ کرتے ہوئے  کاروبارکریں تاکہ لوگ ہمارے اخلاق کو دیکھ کر متاثر ہوں۔

اس موقع پرصفابیت المال اراکین محمد احتشام الدین فیصل (ایونٹ منیجر)، محمد دانش (سروے آفیسر)، محمد سمیر (سروے آفیسر)محمد عاصم (سروے آفیسر)، عبدالرحیم (میڈیا کوآرڈینیٹر)،محمد ضیاء الدین (ڈرائیور)، جمیع قائد جینور مولانا معراج،سابقہ کوآپشن ممبر جینورافروزخان،صدر ایم اے آزاد اسوسی ایشن مومن پورہ اسد علی،مولانا سراج الدین انصاری، مولاناعبدالرحمن، سماجی کارکن عبدالقیوم،مبین، احمد بیابانی ودیگر موجود تھے۔