عادل آباد کانگریس کے دو گروپوں کے مابین ہاتھا پائی۔کندی سرینواس ریڈی 6 سال کے لئے پارٹی سے برطرف

عادل آباد : 14؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

ضلع کانگریس کے سرکردہ قائدین کے درمیان اختلافات آج اس وقت منظر عام پر آئے جب صدر ضلع کانگریس ساجد خان اور این آر آئی کندی سرینواس ریڈی کے حامیوں کے مابین ہاتھا پائی اور تناؤ کی کیفیت دیکھی گئی۔

دونوں ہی قائدین کے حامی ایکدوسرے کے خلاف صف آرا دکھائی دئیے جس کے نتیجہ کے طور پر کانگریس پارٹی سے مسٹر کندی سرینواس ریڈی کو 6 سال کے لئے برطرف کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے ضلع مستقر عادل آباد پر بی سی طبقہ کے لئے ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔بطور مہمان خصوصی سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں شرکت کے لئے پہنچے این آر آئی اور کانگریس قائد مسٹر کندی سرینواس ریڈی کو جلسہ گاہ میں داخل ہونے سے روکا گیا، اسی دوران صدر ضلع کانگریس کمیٹی ساجد خان اور کندی سرینواس ریڈی کے حامیوں میں بحث و تکرار، دھکم پیل کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک آپہنچی۔

جلسہ گاہ کے اسٹیج پر کندی سرینواس ریڈی کو مدعو نہ کئے جانے پر بھی دونوں گروپوں کے حامیوں نے ایکدوسرے کے خلاف بیان بازی کی۔ یہ سب کچھ ریاستی قائد کانگریس وی ہنمنت راؤ کی موجودگی میں ہوا جس پر وہ برہم ہوئے اور ایک موقع پر انھوں نے جلسہ کو ادھورا چھوڑ کر جلسہ گاہ سے باہر چلے گئے۔

بعد ازاں صدر ضلع کانگریس عادل آباد مسٹر ساجد خان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ این آر آئی کندی سرینواس ریڈی کو پارٹی سے 6 سالوں کے لئے برطرف کردیا گیا ہے۔چونکہ انھوں نے بی سی طبقات کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران اپنے حامیوں کے ہمراہ اجلاس کی کاروائی میں مداخلت کی لہذا انھیں فوری طور پر پارٹی سے برطرف کردیا گیا ہے۔