سکم میں بندروں کو کھانا کھلانے پر 5ہزار روپے جرمانہ

گنگٹوک: 23 ؍ اگست (انٹر نیٹ ڈیسک)

سکم حکومت کے محکمہ جنگلات، ماحولیات نے کہا ہے کہ بندروں کو کھانا کھلانا یا بچے ہوئے کھانے کو غلط طریقے سے ضائع کرنے کو جرم سمجھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر 5000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

سکم حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بندر (مکاک نسل) ایک محفوظ نسل ہے، اور اسے کھلانا وائلڈ لائف (تحفظ) ایکٹ، 1972 اور ماحولیات (تحفظ) ایکٹ 1986 کے تحت سختی سے ممنوع ہے۔

سکم کے چیف وائلڈ لائف وارڈن سندیپ تامبے نے 19 اگست کو ایک عوامی نوٹس میں کہا کہ "یہ ایک اہم معاملے کو اجاگر کرنے کے لیے ہے جو ہم سب کی حفاظت اور بہبود سے متعلق ہے۔

بندروں (مکاک کی نسل) کی انسانی خوراک کے استعمال کے نتیجے میں ان کی آبادی میں غیر فطری اضافہ ہوا ہے۔ "نتیجتاً، شہری اور دیہی علاقوں کے مکینوں کو بندروں کی غیر فطری حرکات سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے  جو اب صحت عامہ اور حفاظت کا مسئلہ بن چکا ہے۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس عمل کے بعد بندر خوف کا احساس کھو دیتے ہیں اور اب وہ "لوگوں کے ساتھ کھانا ” سیکھ چکے ہیں اور وہ انسانوں کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور آہستہ آہستہ جارحانہ ہو جاتے ہیں۔ بندر جنگلی جانور ہیں اور ان کا رویہ غیر متوقع ہو سکتا ہے، انہیں کھانا کھلانے سے وہ انسانوں تک پہنچنے کی ترغیب پاتے ہیں، خاص طور پر خواتین اور بچوں کو کاٹنے یا زخمی کرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بندروں کو کھانا کھلانے سے غیر صحت بخش ماحول پیدا ہو سکتا ہے، جب کھانا آسانی سے دستیاب ہو جاتا ہے توبندرجنگلوں میں اپنے لئے غذا تلاش کرنے کی بجائے انسانی آبادی والے علاقوں جیسے دفاتر، گھروں، مذہبی مقامات، سپر مارکیٹوں اور دکانوں کا رخ کرتے ہیں اور انسانوں سے خوراک حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں۔

انسانی خوراک کی مصنوعات کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہیں اور غذا کا آسانی سے ہضم ہونے والا ذریعہ ہوتی ہیں، تاہم، یہ غذائیں تناؤ کی سطح کو بلند کرتی ہیں اور بین گروپ جارحیت کو بڑھاتی ہیں۔ لہذا، بندروں کو کھانا فراہم کرنا ان کے قدرتی خوراک کے انداز اور رویے میں خلل ڈال سکتا ہے۔