حیدر آباد : 25 ؍ اگست (ایجنسیز)
تلنگانہ سکریٹریٹ میں نو تعمیر کردہ دو مساجد جن میں مسجد معتمدی و مسجد ہاشمی شامل ہیں، کا آج افتتاح عمل میں آیا۔
گورنر تلنگانہ تملا سائی سوندر راجن، وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ان مساجد کا افتتاح کیا اور بعد ازاں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
اسی طرح تلنگانہ سکریٹریٹ میں نو تعمیر کردہ ایک مندر اور چرچ کا بھی افتتاح عمل میں لایا گیا جس میں گورنر اور ریاستی وزیر اعلیٰ نے شرکت کرتے ہوئے خصوصی عبادات میں شرکت کی۔

مساجد کے افتتاحی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان مساجد کی تعمیر کو آپسی بھائی چارہ، مذہبی ہم آہنگی ، اور آپسی رواداری کی بہترین مثال قرار دیا۔
انھوں نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دو مساجد اور مندر و چرچ کی تعمیر ملک کے لئے مثال ہے جس میں تینوں مذاہب کے ماننے والوں کے لئے عبادتگاہیں تعمیر کی گئی ہیں۔

افتتاحی تقریب میں مولانا مفتی خلیل احمد صاحب قبلہ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ حیدر آباد، رکن پارلیمان حیدر آباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی، ریاستی وزرا محمد محمود علی، کوپولا ایشور، فلور لیڈر مجلس اکبر الدین اویسی،چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ شانتی کماری، چیرمین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ، چیر مین حج کمیٹی محمد سلیم، چیر مین اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد امتیاز اسحاق ، رکن ریاستی اقلیتی کمیشن محمد اطہر اللہ کے علاوہ سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حامد محمد خان کے علاوہ علما اکرام و دیگر قائدین شریک تھے۔

قبل ازیں دُعا کا اہتمام کیا گیا اور بعد ازاں مساجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی ۔

