بنگلور : 25؍اگست(ایجنسیز)
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے آج چندریان۔3 لینڈر کے ذریعہ چاند کی سطح پر اترنے والے ’’پرگیان روور‘‘ کا ویڈیو جاری کردیا۔
اسرو کے مطابق ’’پرگیان روور‘‘ 23 ؍اگست کو ’’وکرم لینڈر‘‘ سے نکل کر چاند کی سطح پر پہنچا تھا جس کی ویڈیو ریکارڈنگ لینڈر پر لگے ہوئے کیمرے سے قید کی گئی۔
کیا ہے چندریان۔ 3 مشن ؟
واضح ہو کہ 23 ؍ اگست کو ISRO نےیہ اطلاع دی تھی کہ چاند کی سطح پر وکرم لینڈر کے کامیاب ٹچ ڈاؤن کے بعد، پرگیان روور نے ’ریمپ نیچے‘ کیا اور چاند پر چلنے لگا۔
بتایا جاتا ہے کہ اگلے 14 دن یا ایک قمری دن تک، چھ پہیوں والا روور چاند کی سطح کا مطالعہ کرے گا جس میں میگنیشیم، سلیکان، پوٹاشیم، کیلشیم اور آئرن شامل ہیں۔
یہ چاند کے ماحول اور دن اور رات کے چکر کو سمجھنے میں بھی مدد کرے گا۔
روور اپنے پے لوڈز APXS – الفا پارٹیکل ایکس رے سپیکٹرو میٹر کے ذریعے چاند کی سطح کا مطالعہ کرے گا تاکہ کیمیاوی ساخت کو حاصل کیا جا سکے اور چاند کی سطح کی تفہیم کو مزید بڑھانے کے لیے معدنی ساخت کا اندازہ لگایا جا سکے۔
14 دن بعد چندریان 3 کا کیا ہوگا؟
انگریزی روزنامہ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، 14 دن کے بعد اگلے 14 دنوں تک چاند پر رات ہوگی اور چونکہ وکرم اور پرگیان صرف سورج کی روشنی میں کام کر سکتے ہیں، اس لیے وہ وہاں غیر فعال ہو جائیں گے۔ تاہم، اسرو کے سائنسدانوں نے سورج کے دوبارہ طلوع ہونے پر ان دونوں کے دوبارہ کارکرد ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔

