حیدر آباد : 30 / اگست (اپنا وطن نیوز)
ریاست میں سرکاری اساتذہ کے ترقی و تبادلوں کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ میں جاری مباحث کے بعد آج معزز جج نے ترقی و تبادلوں پر لگی روک کو ختم کردیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اساتذہ کے ترقی و تبادلوں سے متعلق تلنگانہ ہائیکورٹ میں دائر کئیے گئے مقدمہ WP 3962 پر فیصلہ صادر کرتے ہوئے معزز جج نے اسپاؤس (Spouse) پوائنٹس کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی و تبادلے عمل میں لانے کی حکومت کو اجازت دیدی ہے۔
جج نے شوہر و بیوی کو ایک جگہ کام کی سہولت فراہم کرنے کی وکالت کی اور انھیں ترقی و تبادلوں میں دئیے جانے والے 10 پوائنٹس کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔
اسی طرح یونین قائدین کو دئیے جانے والے 10 پوائنٹس پر فی الحال روک لگائی گئی ہے ۔ اساتذہ کے ترقی و تبادلوں کے موقع پر رجسٹرڈ یونین قائدین کو 10 پوائنٹس الاٹ کئیے جاتے تھے جس پر عدالت نے روک لگائی ہے۔
عدالت کے فیصلہ کے بعد مانا جارہا ہے کہ حکومت عنقریب اساتذہ کے ترقی و تبادلوں کے عمل کا آغاز کرے گی۔

