عرش سے فرش پر! ٹماٹر اب مویشیوں کی غذا بن گئے

قیمتوں میں بتدریج کمی کے بعد کسان ٹماٹر ضائع کرنے لگے

حیدر آباد : 8 ؍ ستمبر ( ایجنسیز )

دو ماہ قبل تک عوام کو خون کے آنسو رلانے والے ٹماٹر کی قیمتوں میں بتدریج کمی کے بعد اب ٹماٹر مویشیوں کی غذا بن چکی ہے۔

دو ماہ پہلے ٹماٹر کی قیمت 240 روپے فی کلو تک پہنچ چکی تھی اور آج اس کی ٹھوک بازاری قیمت1 روپیہ فی کلو تک سمٹ گئی ہے۔

کئی کسانوں اور کاروباریوں کو لکھ پتی بنانے کے بعد اب ٹماٹر مویشیوں کے استعمال کی غذا بن گئی ہے۔ ٹماٹر کسان اپنی فصل کو بازاروں تک لے جانے کے بھی قابل نہیں ہیں چونکہ یکایک ٹماٹر کی پیداوار میں اضافہ کے باعث اس کی قیمتیں نہایت ہی گھٹ چکی ہے۔

ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول کے موضع دھونے کے ٹماٹر کسانوں نے کئی ٹن ٹماٹر سڑک کنارے ضائع کردئیے ہیں تاکہ مویشی انھیں کھا سکیں۔

کسانوں کے مطابق ٹھوک بازار میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی کے باعث کسان ٹماٹر کو بازار تک بھی نہیں لے جا پارہے ہیں کیونکہ ان کے حمل و نقل کا خرچہ ٹماٹر کی فروخت سے زیادہ ہوچکا ہے۔

لہذا کسان اپنی فصل کو مویشیوں کی غذا کے طور پر استعمال کرنے یا دور دراز مقامات پر ٹماٹر کے ڈھیر کو ضائع کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔