اکتوبر کے دوسرے ہفتہ میں اسمبلی انتخابات سے متعلق انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کا امکان
حیدر آباد : 18 / ستمبر (ایجنسیز)
چیف الیکٹورل آفیسر ریاست تلنگانہ مسٹر وکاس راج کے بموجب مرکزی الیکشن کمیشن کا ایک وفد 3/اکتوبر سے اپنے تین روزہ دورے پر حیدر آباد آئے گا۔
مذکورہ وفد ریاست میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لے گا۔
پہلے دن سنٹرل الیکشن کمیشن کے ممبران ایکسائز، انکم ٹیکس، ٹرانسپورٹ اور بینکرس کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔ وہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شراب، رقم اور دیگر تحائف کی تقسیم کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات پر جائزہ لیں گے۔
اسی طرح الیکشن کمیشن کا وفد قومی اور علاقائی جماعتوں کے قائدین یا نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گی۔
دوسرے دن پولیس کمشنروں کے ساتھ میٹنگ ہوگی اور ضلع وار انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اپنے دورہ کے تیسرے دن چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری، ڈی جی پی انجنی کمار اور دیگر سینئر افسران سے مرکزی الیکشن کمیشن کا وفد ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں پر امن انتخابات کے انعقاد اور ضروری اقدامات کے متعلق جائزہ منعقد کرے گا۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کا وفد نئے ووٹرس اور معذور و معمر ووٹرس سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے آگہی حاصل کرے گا۔
قیاس لگایا جارہا ہے کہ مرکزی الیکشن کمیشن کے قائدین کی حیدر آباد آمد دراصل ریاست میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے متعلق ہے اور ماہ اکتوبر کے دوسرے ہفتہ میں ریاستی اسمبلی انتخابات کے ضمن میں انتخابی اعلامیہ جاری ہوسکتا ہے۔

