اردو مصنفین کی تخلیقات کی اشاعت کے لئے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جزوی مالی اعانت

تلنگانہ کے اُردو مصنفین کی تخلیقات برائے سال 2022ء کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت ۔محمد خواجہ مجیب الدین صدرنشین ریاستی اُردو اکیڈیمی کا بیان

حیدرآباد۔ 23 ستمبر(سرفراز نیوز ایجنسی)
تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے اردومصنفین‘ ادبا‘ شعراء‘ صحافیوں اورقلم کاروں کی سال 2022کی اردو تخلیقات کی اشاعت کے سلسلہ میں جزوی مالی اعانت کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔
جناب محمد خواجہ مجیب الدین صدرتلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے اپنے صحافتی بیان میں ریاست تلنگانہ کے اردو قلم کاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنی تخلیقات کے مسودات26 /اکتوبر2023ء تک بنام ڈائرکٹر/سکریٹری صَدر دفترتلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی حج ہاوز چوتھی منزل نامپلی حیدرآباد میں ذریعہ پوسٹ یا بالمشافہ داخل کردیں۔
انہوں نے اس اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مسودہ  بعد طباعت 1/8ڈیمائی سائز کے 96صفحات پر اور 1/16کراؤن سائز کے 112صفحات پرمشتَمل ہونا چاہئے۔
اگر کوئی کتاب مرتب کی گئی ہو تو اس کا مقدمہ کم از کم 15صفحات پرمشتَمل ہو۔ مخطوطات پر تدوین کی صورت میں 20صفحات پر مشتَمل سیر حاصل تبصرہ بھی اس میں شامل ہونا چاہئے۔
جناب خواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ مالی اعانت کے لئے درخواست گذار اپنی درخواست کے ساتھ اردوا کیڈیمی کا جاری کردہ پروفارما پُر کرکے اس کے ساتھ‘آدھار کارڈ کی کاپی‘ بینک پاس بُک یا چیک کی زیراکس کاپی اور ایک عدد پاسپورٹ سائز فوٹو بھی لازمی طور پر داخل کریں۔
صحافتی بیان میں بتایاگیا ہے کہ ادیب /شاعر /مرتب کے مسودہ کی نقل(Xerox) خوش خط یا ڈی ٹی پی کی کاپی داخل کریں اوردرخواست میں کتاب کا جو عنوان اور موضوع درج کیا گیا ہے وہی تفصیلات کتاب پر بھی درج ہونی چاہئیں۔
موضوع اور عنوان میں تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی۔
جناب محمد خواجہ مجیب الدین نے مزید بتایا کہ درخواست گذار کا داخل کردہ مسودہ واپس نہیں کیا جائے گا۔اس لئے درخواست گذارمسودہ کی کاپی اپنے پاس رکھیں۔