عادل آباد : 3 / اکتوبر (اپنا وطن نیوز)
یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائیگی کہ شہر عادل آباد کے مشہور نوجوان ڈاکٹر سہیل بن سالم کا آج بروز منگل مختصر سی علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔
شدید بخار کے باعث وہ گذشتہ تین دن سے کوما کی حالت میں حیدر آباد کے کمس دواخانہ میں زیر علاج تھے۔
مرحوم ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفس عادل آباد کے تحت چلائے جانے والے RBSK پراجیکٹ کے میڈیکل آفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ اسی طرح وہ قلب شہر بکل گوڑہ میں سٹی کئیر کلینک کے نام سے اپنے خانگی دواخانہ میں بھی اپنی شریک حیات ڈاکٹر کے ہمراہ مریضوں کی تشخیص کیا کرتے تھے۔
کورونا وبا کے دوران عوام کے لئے کی گئی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
مرحوم ڈاکٹر سہیل بن سالم، محمد انور خان ایڈیٹر روزنامہ ہلچل تلنگانہ نظام آباد و رکن جماعت اسلامی نظام آباد کے داماد ہوتے ہیں۔
مرحوم انتہائی ملنسار،نیک اور خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے۔
ان کے اچانک سانحہ ارتحال پر رشتہ داروں، دوست و احباب، ساتھی ڈاکٹرس اور شہریان عادل آباد میں رنج و غم کی کیفیت دیکھی جارہی ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرتے ہوئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔
مرحوم کی نماز جنازہ بروز چہارشنبہ، بعد نماز ظہر،مسجد محمدیہ، بھکتاپور عادل آباد پر ادا کی جاکر متصل قبرستان میں تدفین عمل میں آئیگی۔

