9/ڈسمبر سے اسکیم پر عمل آوری
سفر کے دوران خواتین یہ شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھیں
حیدرآباد: 8/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
حکومت تلنگانہ نے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے مفت سفر کی اسکیم کے آغاز کا اعلان کردیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ 9/ڈسمبر، بروز ہفتہ سے ریاست تلنگانہ کی تمام خواتین, آ ر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرسکیں گی۔
اس خصوص میں ریاستی وزیر سریدھر بابو نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ انتخابات میں کانگریس پارٹی نے عوام سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا۔ آج منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت فراہم کرنے اور راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت غریب افراد کے علاج کی رقم میں 10 لاکھ روپیوں تک کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ دونوں ہی اسکیمات پر 9/ڈسمبر سے عمل آوری ہوگی۔
انھوں نے مزید کہا کہ مابقی 4 ضمانتوں پر بھی جائزہ لیا جائے گا اور عنقریب ان پر بھی عمل آوری کی جائے گی۔
اسی طرح ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں سفر کے دوران اپنا آدھار کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا تاکہ ان کی رہائشی ریاست کا پتہ لگایا جاسکے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اسکیم صرف تلنگانہ کی رہائشی خواتین کے لئے ہی کارآمد ہوگی۔
ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ اس اسکیم کی عمل آوری کے دوران اگر کچھ دشواری پیش آتی ہے تب اس میں سدھار لایا جائے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ مفت بس سفر کی سہولت صرف آر ٹی سی کی پلے ویلگو اور ایکسپریس بسوں میں رہے گی۔
واضح ہو کہ ریاست مہاراشٹرا اور کرناٹک میں پہلے سے ہی خواتین کو مفت بس سفر کی اسکیم پر عمل آوری جاری ہے۔

