حیدر آباد : 15/ڈسمبر(اپنا وطن نیوز)
گورنر ریاست تلنگانہ محترمہ تلملا سائی سوندراجن نے آج قانون ساز اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس کو مخاطب کیا۔
اپنے خطاب میں گورنر نے بیروزگاروں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اندرون 6 ماہ ان کی حکومت ریاست میں میگا ڈی ایس سی منعقد کرے گی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے پہلے ہی تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کا آغاز کردیا ہے۔ ایک سال کے اندر 2 لاکھ ملازمتوں پر بھرتی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح ہو کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں میگا ڈی ایس سی منعقد کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد سے ڈی ایڈ و بی ایڈ طلبا میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کے لئے حکومت سے نمائندگی کررہے ہیں ۔ طلبا نے پروفیسر کودنڈا رام سے ملاقات کرتے ہوئے میگا ڈی ایس سی امتحان کے انعقاد کی نمائندگی بھی کی تھی۔
قبل ازیں گورنر تلنگانہ نے موجودہ ریاستی حکومت کو عام لوگوں کی حکومت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقتدار پر آتے ہی مہالکشمی اسکیم کے ذریعہ خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت کا آغاز کردیا ہے۔
اس کے علاوہ راجیو آروگیہ شری کے تحت علاج کے اخراجات میں 10 لاکھ روپیوں تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ غریبوں کی بھلائی کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے بہتر اقدامات ہیں۔

