نئے راشن کارڈس کی منظوری کے لئے 28 ڈسمبر سے درخواستوں کی وصولی

ریاستی وزیر سول سپلائی اتم کمار ریڈی کا اعلان

حیدر آباد : 19/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

ریاستی وزیر سیول سپلائی مسٹر اتم کمار ریڈی نے اس ماہ کی 28 تاریخ سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لئے درخواستیں قبول کرنے کا اعلان کردیا۔

انھوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈ ہوں یا موجودہ راشن کارڈ میں کسی بھی قسم کے ردو بدل یا غلطیوں کی تصحیح کے لئے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ نئے راشن کارڈ کے استفادہ کنندگان کا انتخاب  گرام سبھا کے انعقاد کے ذریعہ کیا جائے گا۔

ان گرام سبھاؤں کے ذریعہ مستحقین میں وظائف کی منظوری، اور مکانات کے استفادہ کنندگان کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔

اس خصوص میں بہت جلد حکومت کی جانب سے رہنمایانہ ہدایات جاری کئے جائیں گے۔