تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین عادل آباد کے وفد کی ریاستی وزیر سیتا اکاسے نمائندگی

اردو صحافیوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی عمل میں لانے کا مطالبہ

عادل آباد : 28/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین عادل آباد کے ایک وفد نے ریاستی وزیر پنچایت راج و ضلع انچارج وزیر انوسیا سیتا اکا سے ان کے دورہ عادل آباد کے موقع پر ملاقات کرتے ہوئے انھیں سرکاری حکمنامہ 239 کی منسوخی پر مبنی یادداشت حوالے کی۔

ضلعی صدر TUWJU عبدالعلیم کی قیادت میں وفد نے ضلع انچارج وزیر سے نمائندگی کے دوران انھیں بتایا کہ سال 2016 میں حکومت نے سرکاری حکمنامہ 239 جاری کرتے ہوئے میڈیا اکریڈیشن کے اصول و ضوابط وضع کئے تھے تاہم اس حکمنامہ کی اجرائی سے منڈل جات کے صحافیوں بالخصوص اردو میڈیا صحافیوں سے سخت نا انصافی ہوئی ہے۔

 

 

انھوں نے بتایا کہ کئی اضلاع میں قائم کردہ میڈیا اکریڈیشن کمیٹی میں اردو صحافیوں کی نمائندگی نہیں ہے جس سے بھی اردو صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈس کے حصول، امکنہ اراضی کی منظوری میں مسائل درپیش ہورہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ TUWJU ملک کی واحد ٹریڈ یونین ہے جو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کمربستہ ہے لہذا اس یونین کے نمائندوں کو ضلعی سطح کے اکریڈیشن کمیٹی میں شامل کیا جانا چاہئے۔

اسی طرح اردو صحافیوں کو مکان کی تعمیر کے لئے پلاٹس، ڈی پی آر او دفتر میں اردو مترجم کا تقرر، اردو صحافیوں کو اردو اکیڈیمی کے ذریعہ ماہانہ اعزازیہ اور منڈل سطح کے اردو صحافیوں کو بھی اکریڈیشن کارڈس کی منظوری عمل میں لائی جائے۔

ریاستی وزیر نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین عادل آباد کے وفد کی نمائندگی کو بغور سماعت کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو متعلقہ عہدیداران تک پہنچانے اور اس خصوص میں ضروری احکامات کی اجرائی عمل میں لانے کا تیقن دیا۔

قبل ازیں یونین کے ذمہ داران نے بحیثیت ضلع انچارج وزیر سیتا اکا کی پہلی مرتبہ عادل آباد آمد پر انھیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا ۔

وفد میں یونین صدر عبدالعلیم، ریاستی رکن عاملہ شفیق احمد اطہر، ضلع جنرل سکریٹری محمد حمایت اللہ اصغر، اراکین محمد اکبر الدین، مطیع الرحمن کے علاوہ جلیل احمد خان ایڈیٹر ہفت روزہ شہباز عادل آباد و دیگر موجود تھے۔

بعد ازاں کانگریس اقلیتی سیل قائدین عبدالخالد(جانٹی)، سید شاہ راشد الحق، نور خان پٹھان، عبدالسمیع و دیگر نے بھی ریاستی وزیر کا استقبال کیا۔