عادل آباد : 30/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
شہر عادل آباد کے نوجوان و دانشور حضرات نے آج ’’اردو بھون بچاؤ، حساب بتاؤ‘‘ کے نام سے ایک مہم کا آغاز کیا جو کہ قلب شہر میں واقع اردو بھون کی عمارت کے تحفظ کے سلسلہ میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق مستقر عادل آباد میں قائم جیون دان اسوسی ایشن فار ویلفیر ایکٹیوٹیز (جاوا) نامی تنظیم اور اُردو بچاؤ تحریک کے بیانر تلے بعد نماز جمعہ، روبرو اُردو بھون این ٹی آر چوک عادل آباد پر ایک احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا گیا ۔
جلسہ کو صدر جاوا فیاض احمد شمع، صدر اردو بچاؤ تحریک و ضلعی صدر انڈین یونین مسلم لیگ سید فیاض ہاشمی، کانگریس قائد نور خان پٹھان، محمد رفیق ، وارث، محمد جابر، اصغر حسنین، نعیم اختر نے مخاطب کیا جبکہ بی جے پی اقلیتی قائد مجاہد، نجیم خان، منا بھائی سابق کونسلر و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر فیاض احمد شمع نے الزام عائد کیا کہ قلب شہر میں واقع اقلیتی طبقہ کی ملکیت اُردو بھون کی عمارت گذشتہ 10 سالوں سے کسمپرسی کی حالت میں ہے اور ذمہ داران اُردو بھون کمیٹی نے اس عمارت کا غلط استعمال کیا ہے، ان ذمہ داران کو اس عمارت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا حساب دینا چاہئے۔
انھوں نے شہر کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اردو بھون عمارت کی بازیابی کے لئے جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔ انھوں نے بتایا کہ سابق میں اس عمارت میں غریب لڑکیوں کی کم خرچ پر شادیاں کی جاتی تھیں تاہم اس وقت عمارت غیر کارکرد بنادی گئی ہے۔
ضلعی صدر انڈین یونین مسلم لیگ سید فیاض ہاشمی نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ عنقریب اردو بھون کی عمارت کی بازیابی کے لئے معززان شہر کا اجلاس طلب کیا جائے گا اور اس میں مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
کانگریس قائد نور خان پٹھان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیگر طبقات کے لئے مختص کی گئی عمارتیں بہترین انداز میں چلائی جارہی ہیں تاہم مسلم کمیونٹی کو دی گئی اردو بھون کی عمارت کا قوم صحیح استعمال نہ کرسکی۔
انھوں نے اس عمارت کی دیکھ بھال کے لئے نئی انتظامی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لانے اور اس میں دوبارہ تعلیمی و تربیتی کلاسیس کے آغاز کا مشورہ دیا۔

