شرکا کی روانگی کا آغاز۔لاکھوں افراد کی شرکت یقینی
ریاست تلنگانہ کے ضلع وقار آباد کے ’’پرگی‘‘ نامی منڈل کے علاقہ نعمت نگر میں اس ماہ کی 6، 7 اور 8 تواریخ کو سہ روزہ صوبائی دینی اجتماع منعقد ہونے جارہا ہے جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اجتماع کے انتظامات، شامیانے، کھانے کے زون، وضو خانے ،شہر اوربیرون شہر سے آنے والے شرکاء کے سواریوں کی پارکنگ، اور دیگر حاجتوں کے لئے انتظامات کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ 180 ایکڑ اراضی پر اس اجتماع کے انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ گذشتہ 6 ماہ سے اس فقید المثال تبلیغی جماعت کے اجتماع کی تیاریاں جاری تھیں۔
اس اجتماع میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش ، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے بھی لوگ شرکت کریں گے اور کم از کم 2 لاکھ افراد کی اس اجتماع میں شرکت کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق 6/جنوری بروز ہفتہ بعد نماز فجر صوبائی دینی اجتماع کا آغاز عمل میں آئے گا اور 8/جنوری بروز پیر بعد نماز ظہر دُعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام عمل میں آئے گا۔
واضح ہو کہ پرگی میں منعقد شدنی اس تاریخی اجتماع کے انتظامات کی غرض سے ریاستی حکومت نے 2 کروڑ 45 لاکھ روپئے جاری کئے تھے تاکہ شرکا کو کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بے محل نہ ہوگا کہ اس اجتماع کے انتظامات میں مختلف اضلاع کے نوجوان اور بزرگوں نے کئی یوم تک شب و روز اپنی رضاکارانہ خدمات انجام دیں اور اجتماعات کی تیاریوں کو حتمی شکل تک پہنچادیا۔
دین کی تبلیغ کے لئے ہونے والے صوبائی اجتماع کی کامیابی کے لئے شب و روز دعائیں بھی کی جارہی تھیں ۔
اس کے علاوہ اللّہ سے تعلق جوڑنے کے لئے ،نماز کا پابند بنانے، دین کی تبلیغ کے لئے، آخرت سنوارنے کے لئے مختلف اضلاع و شہروں میں جماعت کے ساتھی گشت کرکے نوجوانوں کی رہنمائی اور انھیں اس اجتماع میں شرکت کی دعوت دیتے دیکھے گئے تھے۔

