مہالکشمی اسکیم: 500روپیوں میں گیس سلنڈر اسکیم کے لئے سفید راشن کارڈ ضروری

اسکیم کی موثرعمل آوری کے لئے جی او کی اجرائی

حیدر آباد : 27/فروری (اپنا وطن نیوز)
500 روپیوں میں ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی فراہمی کی مہالکشمی اسکیم کا آج سے ریاست بھر میں آغاز عمل میں آچکا ہے۔
اس خصوص میں ریاستی حکومت نے جی او کی اجرائی عمل میں لائی ہے جس میں اسکیم کی عمل آوری کے متعلق رہنمایانہ ہدایات موجود ہیں۔
500 روپیوں میں گیس سلنڈر اسکیم صرف ’’سفید راشن کارڈ‘‘ ہولڈرز کے لئے ہی رہے گی جو کہ  28 دسمبر سے 6 جنوری کے درمیان ریاستی حکومت کی جانب سے منعقد کردہ پرجا پالنا پروگرام کے دوران اپنی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
اسکیم سے استفادہ کے لئے استفادہ کنندگان کے پاس اپنے نام پر فعال گھریلو ایل پی جی کنکشن ہونا چاہئے۔
عہدیداران پچھلے تین سالوں میں متعلقہ صارف کی جانب سے استعمال کئے گئے گیس سلنڈروں کا اوسط نکالتے ہوئے جاریہ سال صرف اتنے ہی گیس سلنڈروں پر رعایت دیں گے۔
صارف کو پہلے ایک گیس سلنڈر کی پوری رقم ادا کرتے ہوئے سلنڈر حاصل کرنا ہوگا۔
اسکیم کے ایک حصے کے طور پر، ریاستی حکومت ماہانہ بنیادوں پر ضروری رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMC) کو پیشگی منتقل کرے گی۔
OMCs اپنی طرف سے سبسڈی کی رقم مستفید ہونے والوں کے کھاتوں میں ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر کے ذریعے منتقل کریں گے۔
واضح ہوکہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں دھویں سے پاک کھانا پکانے کا ذریعہ فراہم کرنے کے مقصد سے یہ اسکیم شروع کی ہے۔
جی او میں ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ اس اسکیم کی موثر عمل آوری کی نگرانی کریں اور مناسب بیداری/ تشہیر کرتے ہوئے  اس بات کو یقینی بنائیں  کہ فعال ایل پی جی کنکشن والے اہل سفید راشن کارڈ ہولڈر مہالکشمی ایل پی جی اسکیم سے مستفید ہوں۔
ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت ریاست بھر میں صرف 40 لاکھ استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی گئی ہے جس پر سوال بھی اٹھائے جارہے ہیں۔