عادل آباد : یکم مارچ (اپنا وطن نیوز)
وزیر اعظم نریندر مودی 4؍مارچ بروز پیر ضلع مستقر عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے جلسہ عام کو مخاطب کریں گے۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق نریندر مودی مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر 12 بجے دوپہر عادل آباد پہنچیں گے اور پارٹی کی جانب سے منعقد شدنی جلسہ عام کو مخاطب کریں گے۔
وزیر اعظم کا عادل آباد میں منعقد شدنی جلسہ، دراصل تلنگانہ بی جے پی کا لوک سبھا انتخابات کی تیاری کے آغاز کی سمت پہلا جلسہ سمجھا جارہا ہے۔

وزیر اعظم کے امکانی دورہ کے پیش نظر ضلع کلکٹر عادل آباد مسٹر راہول راج پی ایس نے ضلع پریشد چیر مین راتھوڑ جناردھن، رکن اسمبلی عادل آباد پائل شنکر، رکن پارلیمان سوئم باپوراؤ، ضلع ایس پی غوث عالم کے ہمراہ اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے ہیلی پیاڈ کی تعمیر و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
ضلع کلکٹر نے آر اینڈ بی عہدیداران کے علاوہ کمشنر بلدیہ کو وزیر اعظم کے دورہ کے ضمن میں ضروری انتظامات و اقدامات کی ہدایات دیں۔
بتایا جارہا ہے کہ 41 سال قبل یعنی سال 1983 کے دوران منعقدہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے مستقر عادل آباد کا دورہ کیا تھا۔
ایک طویل عرصہ کے بعد ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے نریندر مودی ضلع مستقر عادل آباد کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ان کے دورہ کو لے کر عوام میں تجسس دیکھا جارہا ہے۔
واضح ہو کہ حالیہ منعقدہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر عادل آباد پارلیمان حلقہ کے تحت آنے والے 7 اسمبلی حلقوں میں سے بی جے پی نے 4 پر فتح حاصل کی تھی جس کے بعد مقامی بی جے پی کیڈر میں زبردست جوش دکھائی دے رہا ہے۔
بی جے پی نے عادل آباد، نرمل، مدہول اور کاغذنگر کی اسمبلی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

