عادل آباد : 14؍ مارچ (پریس نوٹ)
اسرائیل میں ملازمتوں پر بھرتی کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے خصوصی ڈرائیو جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق تلنگانہ اوورسیز میان پاور کمپنی لمیٹیڈ (TOMCOM)، اسرائیل میں ملازمتوں کی فراہمی کے لئے بیروزگار نوجوانوں سے درخواتیں طلب کررہی ہے۔
اس خصوص میں ایک جاب میلہ 15/مارچ 2024 کو گورنمنٹ آئی ٹی آئی کالج، واقع کے آر کے کالونی روڑ، عادل آباد پر صبح 10:30 بجے سے منعقد کیا جائے گا جس میں بیروزگار نوجوانوں سے درخواستیں حاصل کی جائیں گی۔
متعلقہ کالج پرنسپل کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے بموجب اسرائیل میں تعمیراتی شعبہ میں کام کرنے کے لئے فنی مزدوروں کی قلت ہے۔
فریم ورک/ شٹرنگ کارپینٹر، سیرامک ٹائیلنگ، پلاسٹرنگ اور آئرن بائینڈنگ جیسے کاموں کے ماہرین و مزدوروں کی اسرائیل میں ڈیمانڈ ہے اور ان شعبہ جات میں بھرتی کے لئے خصوصی جاب میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔
منتخب ہونے پر 1 لاکھ 20 ہزار تا 1 لاکھ 38 ہزار ماہانہ تنخواہ ادا کی جائیگی۔ ان شعبہ جات میں درخواست داخل کرنے کے لئے امیدوار کم از کم ایس ایس سی کامیاب ہوں، 3 سالہ کام کا تجربہ، اور عمر 21 تا 45 سال کے درمیان ہو۔
مزید تفصیلات کے لئے خواہشمند امیدواران www.tomcom.telangana.gov.in نامی ویب سائٹ سے رجوع ہوں یا فون نمبرات 9985483931/8247838789 پر ربط پیدا کریں۔
واضح ہو کہ اسرائیل کو تعمیراتی کام کے لیے انڈیا سمیت دیگر ممالک سے 70 ہزار مزدوروں کی ضرورت ہے۔
حماس کی طرف سے اسرائیل پر سات اکتوبر 2023 کو کئے گئے حملوں کے بعد تعمیراتی شعبے میں زیادہ مزدوروں کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اسرائیل ان تمام فلسطینی مزدوروں کو وہاں سے نکال چکا ہے جو اسرائیل میں یہی کام کر رہے تھے۔
اس سے قبل ریاست اتر پردیش، ہریانہ و دیگر ریاستوں میں اس قسم کے جاب میلے منعقد ہو چکے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی مزدوروں کا انتخاب عمل میں لاتے ہوئے انھیں اسرائیل بھیجا گیا ہے۔

