عادل آباد۔14/مئی (پریس نوٹ)
موسم گرما میں ہر عام و خواص کو ایک چیز کی بڑی شدت سے طلب ہوتی ہے وہ ہے پینے کا پانی۔ تپتی گرمی میں پاک و صاف ٹھنڈا پانی کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا ہے۔
گرمی کی شدت اور دواخانہ میں مریضوں و ان کے رشتہ داروں کو درپیش اس ضرورت کو ذہن میں رکھتے ہوئے صفا بیت المال شاخ عادل آباد کے زیر اہتمام راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (رمس ہاسپٹل) عادل آباد میں آج آبدار خانہ کا افتتاح عمل میں آیا۔

ڈائریکٹر رمس مسٹر جئے سنگھ راتھوڑ نے احاطہ رمس میں قائم کردہ اس آبدار خانہ کا افتتاح عمل میں لاتے ہوئے اسے انسانیت کی خدمت کا بہترین عمل قرار دیا۔
انھوں نے صفا بیت المال شاخ عادل آباد کے ذمہ داران کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ فلٹر کردہ ٹھنڈا پانی مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
قبل ازیں صدر صفا بیت المال شاخ عادل آباد مولانا سید مبشر احمد نے بتایا کہ اس تنظیم کی جانب سے شہر میں مختلف رفاہی فلاحی خدمات انجام دی جارہی ہیں جس کی کڑی کے طور پر ہر سال کی طرح امسال بھی اس آبدار خانہ کا افتتاح عمل میں لایا گیا ہے۔
اس موقع پر جنرل سکریٹری حافظ کاظم مصباحی، نائب صدر حافظ شیخ بشیر، خازن حافظ عبدالعزیز کے علاوہ حافظ نصار، حافظ زبیر و دیگر موجود تھے۔

