رشوت قبول کرتے ہوئے اگریکلچرل آفیسر گرفتار

کاغذ نگر : 27/مئی (مفخم احمد)

زرعی کھاد کی دکان کے لائسنس کی تجدید کے لئے 38 ہزار روپئے رشوت طلب کرنے والے زرعی عہدیدار کو انسداد رشوت ستانی (اے سی بی) عہدیداران نے آج گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کمرم بھیم  آصف آباد ضلع کے  دہے گاؤں منڈل اگریکلچر آفیسر ومشی کرشنا جو کہ زرعی عہدیدار کی خدمات پر معمور تھے نے  کھاد کی دکان کے مالک شیام راؤ سے اس کے  دکان کے لائسنس کی تجدید کے لیے 50 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔

ایک منصوبہ کے تحت آج پیر کی دوپہر جب دکان مالک شیام راؤ 38 ہزار روپے اگریکلچر آفیسر ومشی کرشنا کو بطور رشوت دے رہا تھا، اے سی بی ڈی ایس پی رمنا مورتی کی قیادت میں محکمہ انسداد رشوت ستانی کے عہدیداران نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

اس سے قبل بھی ومشی کرشنا کو بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے ملازمت سے معطل کر دیا گیا تھا اور بعد ازاں کچھ عرصہ بعد اسے دوبارہ ڈیوٹی سے رجوع کرلیا گیا تھا۔

اے سی بی حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے کریم نگر میں واقع خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔