جینور واقعہ : چیف منسٹر ریونت ریڈی اور حکومتی مشیر محمد علی شبیر سے ریاستی وزیر سیتا اکا کی ملاقات

عادل آباد : 24/ستمبر (اپنا وطن نیوز)
ریاستی وزیر پنچایت راج و ضلع انچارج وزیر داناسری سیتا اکا نے جینور میں پیش آئے حالیہ واقعات کے ضمن میں ریاستی وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی اور مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر سے علحدہ علحدہ ملاقات کی اور انھیں اس واقعہ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔
واضح ہو کہ ضلع انچارج وزیر گذشتہ دو دنوں سے ضلع عادل آباد کے اوٹنور شہر کے دورہ پر تھیں جہاں پر انھوں نے مقامی رکن اسمبلی ویڈما بوجو پٹیل کے ہمراہ قبائیلی طبقہ کے ذمہ داروں (رائے سنٹر سارمڈیلو)، راج گونڈ سیوا سمیتی کے اراکین، تمام قبائیلی انجمنوں کے ذمہ داران سے انھوں نے جینور واقعے کے رونما ہونے کی وجوہات ، قبائیلیوں کو درپیش مسائل، ان کی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔
ریاستی وزیر نے جینور میں پیش آئے واقعہ اور قبائیلیوں کے مسائل پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کیا ۔
تلگو میڈیا ذرائع کے مطابق  چیف منسٹر نے اندرون ہفتہ قبائیلی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران کے ہمراہ اجلاس منعقد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
قبل ازیں ضلع انچارج وزیر نے تلنگانہ سکریٹریٹ میں حکومتی مشیر محمد علی شبیر سے بھی ملاقات کی اور انھیں بھی اپنے دورہ اوٹنور اور جینور فساد کے ضمن میں واقف کروایا۔
ریاستی وزیر سیتا اکا اور رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجو پٹیل نے ضلع آصف آباد میں پھیلی بد امنی ختم کرنے اور  مستقبل کی حکمت عملی  پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے شبیر علی سے ملاقات کی۔
یاد ہو کہ 4/ستمبر کو ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے منڈل مستقر جینور میں شرپسندوں نے ایک قبائیلی خاتون کے ساتھ مبینہ عصمت ریزی و اقدام قتل کے لئے ایک مسلم شخص کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تشدد برپا کیا تھا اور شہر کی چار مساجد میں توڑ پھوڑ مچائی تھی۔
یہی نہیں بلکہ شرپسندوں نے پولیس کی موجودگی میں دکانات اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا تھا جس کے باعث مسلم تاجرین و شہریوں کو کروڑوں روپیوں کا نقصان پہنچا۔