سلائی مشینوں کی اسکیم ۔ ضلع عادل آباد کی اقلیتی خواتین سے درخواستوں کی طلبی

عادل آباد – 19 ڈسمبر(پریس نوٹ)

اقلیتی بہبود آفیسرضلع عادل آباد مسٹر کے۔راجا لنگونے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ حکومت تلنگانہ نے محکمہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے زیر اہتمام غریب بیروزگار، اہل اور تربیت یافتہ اقلیتی خواتین (مسلم، سکھ، بدھسٹ، جین اور پارسی) طبقات کو ”اندرما مہیلا شکتی“ اسکیم کے تحت مفت سلائی مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جو خواتین ٹیلرنگ کورسس میں تربیت حاصل کی ہوں اس اسکیم کے لئے اہل ہوں گی۔ اقلیتی خاتون درخواست گزار اپنی درخواستیں ویب سائٹtgobmms.cgg.gov.inکے ذریعہ آن لائن داخل کریں جس کی آخری تاریخ 31/ڈسمبر2024ہے۔
اس اسکیم سے استفادہ کے لئے اہل خاتون امیدواران کو سفید راشن کارڈ/فوڈ سیکیوریٹی کارڈ کاحامل ہونا چاہئے۔ دونوں دستیاب نہ ہو تو می سیوا سے جاری کردہ انکم سرٹفکیٹ منسلک کیا جائے۔ اس کے علاوہ امیدواران کے والدین یا سرپرستوں کی سالانہ آمدنی دیہی علاقوں کے لئے 1.5لاکھ اور شہری علاقوں کے لئے 2لاکھ سے کم ہونی چاہئے۔

درخواست گزار کی عمر 18تا55سال کے درمیان ہونی چاہئے جس کے لئے ووٹر آئی ڈی، آدھار کارڈ کو عمر کے ثبوت کے طور پر منسلک کرنا لازمی ہے۔ ایک خاندان سے ایک ہی خاتون اس اسکیم کے لئے اہل ہو ں گی۔ حکومت کے ذریعہ تسلیم شدہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ یا میناریٹی فینانس کارپوریشن کے ٹریننگ پارٹنرس سے تربیت یافتہ خواتین کو فوقیت دی جائے گی۔ درخواست گزار کم از کم پانچویں جماعت کامیاب ہو۔ اس کے علاوہ امیدوار گذشتہ5سالوں کے دوران میناریٹی فینانس کارپوریشن سے کسی بھی طرح کی مالی امداد حاصل نہ کی ہو۔

اہلیت رکھنے والی خواتین مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ جاریہ ماہ کی31/تاریخ سے قبل آن لائن درخواست داخل کریں اور اس کی ہارڈ کاپی کا ایک سیٹ دفتر ضلع اقلیتی بہبود میں جمع کروائیں۔ اس اسکیم کے تحت بے سہارا، طلاق یافتہ، بیوہ اور واحد خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔ مزید تفصیلات ضلع اقلیتی بہبود آفس، واقع عقب گاندھی پارک، کیلاش نگر عادل آباد سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔