راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 1.17 کروڑ مالیتی سوناضبط

4 اسمگلرس کے علاوہ ائیر پورٹ عملہ کا ایک رکن گرفتار

حیدر آباد : 10 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز )

 

حیدرآباد کسٹمز کے آفیسرس نے دیگر ایجنسیوں کے تعاون سے آج راجیو گاندھی انٹر نیشنل ائیرپورٹ ، حیدرآباد میں علحدہ علحدہ کاروائیوں میں ممنوعہ اشیاکی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا۔

کسٹمز کے افسران نے ائےرپورٹ پر تلاشی کے دوران دو علحدہ علحدہ واقعات میں جملہ 1.93 کلوگرام سوناضبط کیا۔

اسمگل شدہ سونے کی مالیت 1.17 کروڑروپئے ہے۔اس کے علاوہ افسران نے 62,400 اسمگل شدہ سگریٹ اسٹکس بھی دو علحدہ علحدہ واقعات میں ضبط کی جنھیں اسمگل کیا جارہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پہلے کیس میں دبئی سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافر کے پاس سے اسمگل شدہ سونا 1399 گرام وزنی تھا کو ضبط کرلیا گیا۔ جس کی مالیت 84.8 لاکھ روپئے تھی۔

مزید تفتیش پر معلوم ہوا کہ یہ سونا ایئرپورٹ کے عملے کے رکن کے ذریعے ائےر پورٹ سے باہر لے جانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا اور اسے کسٹمز کے عہدیداران نے تیزی سے روک کر ناکام بنا دیا، دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسرے کیس میں، 527 گرام اسمگل شدہ سونا، جس کی مالیت 31.8 لاکھ روپے تھی۔ جدہ سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافر سے برآمد ہوا۔

سونا دو کیپسول کی شکل میں شخص کے پاس چھپایا گیا تھا،

مزید برآں بنکاک اور دبئی سے آنے والے 2 مسافروں سے 62 ہزار 400 اسمگل شدہ سگریٹ اسٹکس بھی قبضے میں لے لی گئیں، معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

حیدرآباد کسٹمز ملک میں ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔