25 ؍ اگست کو تلنگانہ سکریٹریٹ میں نو تعمیر کردہ مساجد کا افتتاح

حیدر آباد : 11 ؍ جولائی ( پریس ریلیز )

چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے ۔ چندر شیکھر راؤ نے تمام مذاہب کی مساوات کو برقرار رکھتے ہوئے اور آئین کے ذریعہ فراہم کردہ سیکولرازم کی روح کی عکاسی کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں گنگا جمنا تہذیب کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے فروغ دینے کا ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔

چیف منسٹر نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹریٹ میں مکمل ہونے والے نالہ پوچما مندر، مسجد اور چرچ کا اسی دن افتتاح عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس خصوص میں تینوں ہی مذاہب کے مذہبی رہنماؤں سے مشورہ کیا گیا اور سب کے لیے قابل قبول تاریخ طے کی گئی۔

25؍ اگست کو وزیر اعلیٰ ہندو روایات پر عمل کرتے ہوئے پجاریوں کی موجودگی میں نالہ پوچما مورتی کا افتتاح کریں گے اور مندر کو دوبارہ کھولیں گے۔

اسی روز اسلام اور عیسائیت کی روایات پر عمل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ متعلقہ مذہبی رہنماؤں کی قیادت میں مسجد اور چرچ کا افتتاح کریں گے۔

اس مقصد کے لیے وزراء، ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری، سی ایم او حکام اور آر اینڈ بی حکام کے ساتھ آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہندو، مسلم اور عیسائی مذاہب کے رہنماؤں کی مشاورت سے ایک ہی دن تین مذہبی عبادت گاہیں کھولنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ اس طرح یہ تینوں عبادتگاہیں سیکرٹریٹ ملازمین کے لیے دستیاب ہوں گی۔