نظام آباد : رنجل ماڈل اسکول کی دو طالبات لاپتہ، پولیس مصروف تحقیقات

Nizamabad Model School Students Missing

نظام آباد : 15 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز)

ضلع نظام آباد کے رنجل منڈل کے دھو پلی موضع میں واقع ماڈل اسکول میں زیر تعلیم دہم جماعت کی دو طالبات کے لاپتہ ہوجانے سے علاقہ کے عوام میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے۔

آج صبح والدین کی شکایت پر پولیس نے اس خصوص میں شکایت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

والدین کے مطابق کل صبح دونوں ہی لڑکیاں اسکول جانے کے لئے گھر سے روانہ ہوئی تھیں تاہم دیر شام تک بھی وہ گھر واپس نہ آئیں۔ والدین نے جب اسکول انتظامیہ سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ دونوں ہی لڑکیاں آج اسکول سے غیر حاضر تھیں جس کے بعد والدین نے کل رات بھر ان لڑکیوں کو تلاش کیا۔

تاہم آج صبح گمشدہ لڑکیوں کے والدین و رشتہ داروں نے اس کی اطلاع رنجل پولیس کو دی جس کے بعد پولیس نے شکایت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ دونوں ہی لڑکیاں نابالغ بتائی جاتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق موضع کی عوام نے پولیس کو بتایا کہ انھوں نے لڑکیوں کو دو نامعلوم موٹرسیکلوں پر جاتے ہوئے دیکھا تھا ، جس کے بعد پولیس ان نا معلوم موٹر سیکلوں کی تلاش میں ہے۔