عادل آباد : 22 ؍ جولائی ( اپنا وطن نیوز )
گذشتہ چار دنوں سے ریاست بھر میں جاری موسلادھار بارش کا اثر ضلع عادل آباد میں بھی دیکھا گیا۔ شدید موسلا دھار بارش کی وجہ سے ایک شخص فوت ہوگیا جس کی شناخت باقی ہے۔
عادل آباد رورل ایریا کے تحٹ بنگاری گوڑہ کے قریب سے بہنے والی ندی میں ایک نا معلوم شخص کی نعش دیکھی گئی جس کی شناخت باقی ہے۔
سفید رنگ کے شرٹ اور سیاہ پتلون پہنے ہوئے شخص کی بنگاری گوڑہ نالے میں تیرتی ہوئی نعش کو مقامی افراد نے دیکھا، اور بعد ازاں اس نعش کو نالے سے باہر نکالا۔
مقامی افراد نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی ، جس کے بعد پولیس مقام واقعہ پر پہنچ گئی اور مصروف تحقیقات ہے۔
اسی طرح ضلع میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث آج مستقر عادل آباد کے کئی نشیبی علاقوں کے محلہ جات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ عوام کو کئی طرح کی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔
قریبی مواضعات جن میں جیند، کچرلا، آنند پور، لکشمی پور، دُبہ گوڑہ، ایچوڑہ وغیرہ میں بھی بارش نے زبردست تباہی مچائی۔ عوام کو پریشان دیکھا گیا۔
قومی شاہراہ نمبر 44 پر واقع پین گنگا ندی جو کہ تلنگانہ اور مہارشٹرا ریاستوں کو جدا کرتی ہے، میں زبردست سیلابی پانی کے بہنے کی اطلاع ہے۔ اس ندی پر واقع پُل کے اوپر سے پانی بہنے کے باعث ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔
صرف بھاری گاڑیوں کو اس پُل سے گزرنے کی اجازت ہے جبکہ نیشل ہائی وے کے عہدیداران نے چھوٹی گاڑیوں جن میں کار، آٹو رکشہ اور موٹر سیکل شامل ہے کو روک دیا ہے۔
ضلع کے دو مشہور سیاحتی آبشار کنٹالہ اور پوچیرا میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث پوچیرا سیاحتی مرکز کو تین یوم کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

