حیدر آباد : 29 ؍ جولائی ( اپنا وطن نیوز )
دلتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے ریاست تلنگانہ میں جاری ‘دلت بندھو’کے علاوہ دیگر کئی اسکیموں نے ملک کے لیے ایک مثال قائم کی ہے،وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے دلت طبقہ کی معاشی و سماجی ترقی کے لئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات اس کمزور طبقہ کو خود مختار بنانے میں کلیدی رول ادا کریں گے جو کہ تمام دلت طبقہ کے لیے ایک قابل فخر اقدام ہے۔
ان خیالات کا اظہار اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے بھیم آر می چیف چندر شیکھر آزاد نے کیا۔
بھیم آرمی چیف مسٹر چندر شیکھر آزاد نے اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پرکل پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے خیرسگالی ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر آزاد نے ملک میں دلتوں کی صورتحال، دلتوں کے تئیں حکمرانوں کے رویے، ذات پات کی بنیاد پر لوگوں کو مزید تقسیم کرنے کی پالیسی، انہیں سماجی امتیاز کا نشانہ بنانے جیسے مسائل پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔

بات چیت کے دوران چندر شیکھر آزاد نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں چلائی جارہی دلت بندھو اسکیم و دیگر فلاحی اسکیمات مستقبل میں ملک میں دلتوں کے مسائل کو حل کرنے کی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دلت بندھو اسکیم کو ملک کی تاریخ میں بے مثال طریقے سے لاگو کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم، جو نچلی سطح پر کام کرنے والے دلتوں کو بااختیار بنانے اور انہیں دیگرطبقات کے ساتھ یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرتی ہے دراصل امبیڈکر کے عزائم کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں امبیڈکر کا 125 فٹ کا مجسمہ نصب کرنا،نو تعمیر شدہ سکریٹریٹ کی عمارت کو امبیڈکر کے نام سے موسوم کرنا نیز اوور سیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت دلت طبقہ کے طلباکو اعلیٰ تعلیم کی غرض سے بیرون ممالک تعلیمی سہولیات فراہم کرنا، ایس سی، ایس ٹی، بی سی و اقلیتوں کے لئے گروکل تعلیمی ادارہ جات کا جال بچھانا دراصل کے سی آر کی دور اندیشی اور ان کے وزن کو ظاہر کرتا ہے۔
اس موقع پر چندر شیکھر آزاد نے بھیم آرمی کی مہاسبھا جو کہ26 اگست کو راجستھان کے جئے پور شہر میں منعقد شدنی ہے، میں بطور مہمان خصوصی کے سی آر کو شرکت کرنےکی دعوت دی۔
اس موقع پر ریاستی وزراء ہریش راؤ، جگدیش ریڈی، ایم ایل سی کلواکنٹلہ کویتا، گورنمنٹ وہپ بالکا سمن، تلنگانہ فوڈ کارپوریشن چیرمین راجیو ساگر اور دیگر نے شرکت کی۔

