ضلع ایس پی عادل آباد نے رورل پولیس سرکل آفس کی تنقیح عمل میں لائی

Adilabad SP inspected Rural Police Station

عادل آباد : 4 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد مسٹر اُدئے کمار ریڈی نے آج رورل پولیس سرکل دفتر کی تنقیح عمل میں لائی۔

انھوں نے دفتر کے ریکارڈس، زیر التوا مقدمات، سرکل پولیس کے حدود میں جرائم کی شرح، پولیس عملہ کی کارکردگی، شکایت کنندوں سے پولیس کے برتاؤ جیسے مسائل پر سرکل انسپکٹر عادل آباد رورل مسٹر سیدا راؤ سے تفصیلات حاصل کی اور پولیس عملہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔

انھوں نے عادل آباد سرکل پولیس کے حدود میں واقع تمام مواضعات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لانے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر ضلع ایس پی نے بتایا کہ رورل سرکل پولیس کے حدود انتہائی اہمیت کے حامل ہیں چونکہ اسی سرکل کے تحت ریاست مہاراشٹرا کی سرحد متصل ہے۔ انھوں نے مختلف قسم کے جرائم پر قابو پانے کے لئے  عملہ کو ہمیشہ مستعدی سے اپنی خدمات انجام دینے کی ہدایت دی۔

قبل ازیں ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد مسٹر اُدئے کمار ریڈی کی جانب سے رورل پولیس سرکل دفتر کا معائنہ کرنے کے موقع پر متعلقہ سرکل انسپکٹر مسٹر سیدا راؤ، سب انسپکٹر آف پولیس عادل آباد رورل سید مجاہد و دیگر عملہ نے ان کا استقبال کیا۔