ڈی سی سی بینک چیر مین اڈی بھوجا ریڈی مستعفیٰ، کانگریس میں شمولیت کا امکان
عادل آباد : 23/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ ہی سیاسی قائدین کی وفاداریاں بھی ختم ہوجاتی ہیں۔ اس کی تازہ مثال ضلع عادل آباد کے قد آور بی آر ایس لیڈر و ضلع چیرمین ڈی سی سی بینک اڈی بھوجاریڈی سے لی جاسکتی ہے جنھوں نے آج بی آر ایس کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔
مقامی پریس کلب میں صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ وہ اپنے حامیوں سے تبادلہ خیال اور مشورہ کے بعد اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
انھوں نے سابق ریاستی وزیر و صدر ضلع بی آر ایس جوگورامنا اور دیگر قائدین سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے بی آر ایس پارٹی میں ان کے سیاسی کیرئیر کو پروان چڑھانے میں مدد کی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ وہ بہت جلد کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ پریس کانفرنس میں بی آر ایس کے قائدین معین، شیخ کلیم و دیگر موجود تھے۔
ان کے علاوہ بھی دیگر کئی ایک سیاسی قائدین موجودہ سیاسی پارٹیوں کو چھوڑتے ہوئے ریاست میں برسر اقتدار پارٹی میں شمولیت کا ذہن بنارہے ہیں۔

