جمعیتہ علما تلنگانہ کے وفد کی چیف منسٹر سے ملاقات

حیدر آباد : 3/فروری (اپنا وطن نیوز)

ریاستی صدر جمعیت العلما تلنگانہ و سابق رکن قانون ساز کونسل حافظ پیر شبیر احمد کی زیر قیادت ایک وفد نے آج چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق تلنگانہ سکریٹریٹ میں ہوئی اس ملاقات میں ریاست کے مسلمانوں کو درپیش مسائل اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے  وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے لیے 4 فیصد تحفظات کو یقینی بنائے رکھے اور اقلیتی اسکولوں کی ترقی کے لیے مناسب بجٹ مختص کیا جائے۔

اس کے علاوہ ریاست میں وقف اراضیات  کی حفاظت کی جائے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ریاست میں امن و سلامتی میں کوئی خلل نہ پڑے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ وہ اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔

وفد میں جمعیت العلما تلنگانہ کے ریاستی ذمہ داران کے علاوہ مختلف اضلاع کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اس میٹنگ میں حکومت کے مشیران محمد علی شبیر اور ویم نریندر ریڈی بھی موجود تھے۔