تلنگانہ کے نرمل میں دن دہاڑے خاتون کے گلے سے طلائی چین چھیننے کا واقعہ

نرمل : 23/جولائی (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ کے ضلع نرمل مستقر پر خاتون کے گلے سے 3 تولے وزنی طلائی چین کو 2 نامعلوم افراد چھین کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نرمل کے مصروف ترین سمجھے جانے والے قدیم بس اسٹانڈ کے حدود میں واقع مایوری ہوٹل کے روبرو ایک خاتون پیدل چل رہی تھی کہ عقب سے آنے والے موٹر سیکل سواروں نے اس کے گلے سے سونے کی زنجیر چھین کر راہ فرار اختیار کرلی۔

موٹر سیکل سوار سارقین جو کہ ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، عقب سے خاتون کے گلے میں موجود زنجیر کھینچی جس کے نتیجہ میں خاتون زمین پر گرگئی۔

اس واقعہ کا ویڈیو قریب میں موجود سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا جس کے بعد مقامی پولیس نے ایک شکایت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ نرمل میں سرقہ کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ محکمہ پولیس اکثر خواتین میں اس طر ح کے واقعات سے چوکنا رہنے کے لئے بیداری پیدا کرتے ہیں۔

 

اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے جرائم پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کئے جانے کے باوجود دن دہاڑے ایسے واقعات کا رونما ہونا مقامی عوام میں تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔