عادل آباد میں بی آر ایس کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری

سید ساجد الدین ضلع سکریٹری بی آر ایس نے انتخابی مہم میں حصہ لیا

عادل آباد : 4/نومبر(اپنا وطن نیوز)

حلقہ اسمبلی عادل آباد میں بی آر ایس پارٹی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔

ایک طرف جہاں رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا زیادہ تر دیہی علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں وہیں عادل آباد میونسپل حدود میں بی آر ایس کے دیگر قائدین ان کی انتخابی مہم کو زور و شور سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ضلع سکریٹری بی آر ایس پارٹی مسٹر سید ساجد الدین نے بھی آج دیگر قائدین کے ہمراہ وارد نمبر 48 دوارکا نگر علاقہ میں گھر گھر پہنچ کر انتخابی مہم چلائی۔

مہم کے حصہ کے طور پر انھوں نے سابق ریاستی وزیر پڑالا بھومنا سے ملاقات کی اور انھیں بی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔

 

انھوں نے بی آر ایس کے انتخابی منشور میں موجود نکات سے رائے دہندوں کو واقف کروایا جن میں قابل ذکر  ہر خاندان کو ”کے سی آر بیمہ“ کے تحت 5 لاکھ روپئے،صرف 400 روپیوں میں پکوان گیس سلنڈر،آسرا پنشن میں 5016 روپیوں تک کا اضافہ،خواتین کو ہر ماہ 3000 روپئے،غریبوں میں امکنہ اراضی کی تقسیم،اسائنڈ اراضیات پر سے پابندیاں ہٹانے کے اقدامات،یتیم بچوں کے لئے خصوصی پالیسی،رعیتو بندھو کے تحت فی ایکر 16,000 روپئے،راشن شاپس کے ذریعہ باریک چاول کی فراہمی،معذورین کی پنشن رقم میں 6016 روپیوں تک کا اضافہ،آروگیہ شری اسکیم کے تحت 15 لاکھ روپیوں تک کا مفت علاج،اقلیتوں کی فلاح و بہبودی کے بجٹ میں مزید اضافہ،سوا شکتی خواتین گروپس کے لئے پختہ عمارتیں،اعلیٰ ذات کے غریبوں کے لئے اقامتی مدارس کا آغاز شامل ہیں۔

ان کے ہمراہ رعیتو بندھو سمنویا کمیٹی ضلع صدر آر۔رمیش، بلدیہ فلور لیڈر بنڈاری ستیش، کونسلر پرکاش، سید وقار الدین ایڈوکیٹ، بابو بھائی، چنٹو، لکشمی نارائنا، سابق کونسلر ٹی۔وامن، معین الدین، شجاعت خان، و دیگر موجود تھے۔