ملک میں امن و بھائی چارگی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام
عادل آباد : 2/نومبر (اپنا وطن نیوز)
ملک عراق میں موجود مقدس مقامات کی زیارت کی غرض سے شہر عادل آباد سے نکلا ہوا معززین شہر کا وفد، آج اپنے 12 روزہ دورہ کو مکمل کرتے ہوئے واپس ہندوستان پہنچے گا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ وفد میں بی آر ایس قائد و سابق صدر ضلع وقف بورڈ الحاج محمد یونس اکبانی، صدر رئیل اسٹیٹ ویلفیر اسوسی ایشن محمد مجاہد، صدر آئمہ و موذنین کمیٹی ضلع عادل آباد مولانا منظور احمد، عبدالکلیم (میناریٹی آفس)، سید یعقوب (رئیلٹر)، مولانا عبدالرحیم ذاکر صاحب، سید وسیم، سید ابولفیض (آصف آباد) کے علاوہ حکیم انصاری شامل تھے، مقدس مقامات کی زیارت کے بعد واپس ہندوستان روانہ ہورہے ہیں۔
وفد کے اراکین نے بذریعہ فون بتایا کہ انھوں نے اپنے سفر کے دوران بغداد میں موجود غوث اعظم دستگیرؒ کے مزار شریف کی زیارت کی، اس کے علاوہ امام اعظم ابو حنیفہؓ، امام احمد بن حنبل ، سید عبداللہ ابن زینب، امام محمد غزالیؒ، حضرت امام موسیٰ کاظم ؒ، بی بی زبیدہ، شیخ جنید بغدادی، حضرت سلمان فارسی ؒ، شیخ عبدالجبار جیلانی، شیخ صالح جیلانی، حضرت امام محمد بن الجواد، حضرت سیدنا شیخ مفیدؒ، حضرت امام ابو یوسف ؒ کی مزارات پر حاضری دیتے ہوئے اسلام میں ان کے کردار اور قربانیوں سے آگہی حاصل کی۔

اس کے علاوہ مقدس شہر کربلا میں موجود روضۂ امام حسینؓ کی زیارت بھی کی نیز کوفہ، نجف، ہلا، مصیب، بابل و دیگر شہروں میں موجود اولیائے اللہ کی مزارات پر بھی حاضری دی۔

بالخصوص شہر نجف میں حضرت صالح علیہ سلام، حضرت ہود علیہ سلام کے مقبروں کی زیارت کی اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں دعائیں کی۔ اس کے علاوہ ملک میں امن و امان و ترقی کے لئے بھی دعائیں کیں۔
اسی طرح دنیا کے وسیع ترین قبرستان وادی السلام کے مشاہدے کا بھی انھیں شرف حاصل ہوا جو کہ 1485 ایکڑ اراضی پر محیط ہے اور جس میں لاکھوں کی تعداد میں قبور پائے جاتے ہیں۔

