رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا کی شرکت
عادل آباد : 10 استمبر / (اپنا وطن نیوز)
دفتر مجلس بلدیہ عادل آباد کی جدید عمارت کے تعمیراتی کام آخری مرحلہ میں داخل ہوچکے ہیں، جبکہ اس کا افتتاح عنقریب عمل میں لایا جائے گا۔
رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا نے آج میونسپل دفتر کی نئی عمارت کا دورہ کیا ۔انھوں نے وہاں مختلف المذاہب سے تعلق رکھنے والے ذمہ داروں کی جانب سے ادا کی گئی مذہبی رسومات میں شرکت کی۔

صدر آئمہ الحفاظ کمیٹی عادل آباد حافظ منظور احمد کی زیر نگرانی دارالعلوم محمدیہ بھکتاپور کے طلبا نے نو تعمیر شدہ عمارت میں قرآن خوانی و دعائیہ نشست منعقد کی۔رکن اسمبلی نے قرآن خوانی و دعائیہ نشست میں شرکت کی۔ اسی طرح ہندو روایات کے مطابق پجاریوں کی جانب سے پوجا، عیسائی طبقہ کے پاسٹروں اور بدھ مت کے ذمہ داروں کی جانب سے مذہبی رسومات منعقد کی گئی۔
اس موقع پر رکن اسمبلی نے بتایا کہ عنقریب دفتر بلدیہ عادل آباد کی شاندار عمارت تیار ہوجائیگی جس کے بعد عوام کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے گی۔
بعد ازاں انھوں نے تینوں مذاہب کے ذمہ داران کو شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی۔
اس موقع پر ڈی سی سی بیینک چیرمین اڈی بھوجا ریڈی، میونسپل چیر مین جوگوپرمیندر، وائس چیر مین ظہیر رمضانی، صدر ٹاؤن مجلس شیخ نظیر کے علاوہ کمشنر بلدیہ و دیگر عہدیداران، کونسلر و پارٹی قائدین موجود تھے۔

