ایک لڑکی کی موت،25 مسافر زخمی
نرمل ضلع محبوب گھاٹ پر پیش آیا تھا واقعہ۔ڈرائیور کی غفلت حادثہ کی اصل وجہ۔مسافرین کا الزام
عادل آباد : 23/مئی (اپنا وطن نیوز)
ریاست تلنگانہ کے ضلع مستقر عادل آباد سے حیدر آباد کے لئے روانہ ’’مسکان ٹراویلس‘‘ کی بس کل رات دیر گئے حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں ایک خاتون کی موت جبکہ دیگر 25 مسافرین زخمی بتائے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عادل آباد مستقر پر قائم خانگی ٹراویل ایجنسی کی بس کل شب 10:30 بجے 50 کے قریب مسافروں کے ہمراہ حیدر آباد کے لئے روانہ ہوئی تھی، رات تقریبا 12 بجے جب یہ بس ضلع نرمل کے سارنگا پور منڈل حدود میں واقع محبوب گھاٹ سیکشن کو عبور کرتے ہوئے راناپور چیک پوسٹ پہنچی تب بس ڈرائیور نے توازن کھودیا اور بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیور کی غفلت اور گھاٹ سیکشن پر تیز رفتار سے بس کو چلانا، حادثہ کی اصل وجہ بتائی جارہی ہے۔

بس کے پلٹی مارنے کے ساتھ ہی اس میں سوار 50 کے قریب مسافرین میں سے زیادہ تر کو چوٹیں آئیں، ساتھی مسافرین اور پولیس نے زخمیوں کو نرمل میں واقع ضلع اسپتال پہنچایا۔
اطلاعات کے مطابق اس حادثہ میں شدید زخمی فرحانہ نامی 28 سالہ لڑکی کو بہتر علاج کی غرض سے حیدر آباد منتقل کیا جارہا تھا کہ راستہ میں ہی وہ فوت ہوگئی جبکہ مزید ایک شدید زخمی مسافر کو بہتر علاج کے لئے حیدر آباد منتقل کردیا گیا ہے۔
متوفی لڑکی کا تعلق ضلع مستقر عادل آباد سے ہے۔
اس کے علاؤہ کل صبح عادل آباد میں اپنی نانی کی تدفین میں شرکت کے بعد، رات میں اسی بس سے حیدر آباد واپس ہونے والے 4 نوجوان بھی اس حادثہ میں زخمی بتائے جارہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ بعض مسافرین حیدرآباد میں آ ج منعقد شدنی ایڈ سیٹ امتحان اور کل (بروز جمعہ) منعقد شدنی ٹیٹ امتحان میں شرکت کے لئے عادل آ باد سے حیدر آباد روانہ ہوئے تھے کہ درمیان میں ہی یہ حادثہ پیش آیا ۔

