حیڈرا کی طرز پر عادل آباد میں انہدامی کاروائی کا شبہ۔برہم عوام نے سروے کاموں کو رکوادیا

عادل آباد : 27/ستمبر (اپنا وطن نیوز)

ضلع مستقر عادل آباد کے محلہ جات خانہ پور، بکل گوڑہ اور کولی پورہ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تالاب کے سروے سے ناراض مقامی عوام نے آج ان عہدیداران کو سروے کرنے سے روک دیا۔

حیدر آباد میں حیڈرا HYDRAA کی کارائیوں کے دوران مکانات کو منہدم کرنے کی خبروں سے تشویش میں مبتلا عادل آباد کے عوام مقامی عہدیداران کی جانب سے خانہ پور تالاب کے سروے اور مکانات پر نشانات لگانے سے خفا ہیں اور اس مسٗلہ کو لے کر ان میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے۔

اعلیٰ ضلعی عہدیداران کی ہدایت کے بعد گذشتہ دو یوم سے خانہ پور تالاب کا سروے بلدیہ اور روینیو کے عہدیداران مشترکہ طور پر انجام دے رہے ہیں تاہم آج محلہ خانہ پور میں ان عہدیداران کو اس وقت عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑا جب مقامی عوام نے ان کے سروے کاموں میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کی۔

عوام کا کہنا تھا کہ وہ 30 تا 40 برسوں سے اس علاقہ میں رہائش پزیر ہیں تاہم اچانک عہدیداران کی جانب سے علاقہ کا سروے کرنے اور مکانات پر نشانات ڈالنے سے حکومت کی نیت پر عوام میں شکوک پائے جاتے ہیں۔

عوام برسر اقتدار موجودہ کانگریس حکومت پر بھی اپنی برہمی کا اظہار کرتے دیکھے گئے ۔

واضح ہو کہ شہر کے محلہ خانہ پور میں قدیم تالاب پایا جاتا ہے جس کے ارد گرد اندازتاً 1200 کچے و پکے مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔

خانہ پور میں قدیم آئس فیکٹری، بکل گوڑہ میں عزیزیہ اردو ہائی اسکول اور بشیر کرانہ تک عہدیداران کی جانب سے سروے کے بعد نشانات ڈالے گئے ہیں اور دیگر علاقوں میں بھی سروے کا کام و رپورٹ کی تیاری جاری ہے۔

ان علاقہ جات کے عوام میں اس مسٗلہ کو لے کر شدید برہمی دیکھی جارہی ہے ۔