حیدر آباد : 6 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
قائد مقننہ مجلس و رکن اسمبلی چندرائن گٹہ مسٹر اکبر الدین اویسی نے اولڈ پنشن اسکیم کے احیا کا آج اسمبلی میں مطالبہ کیا۔
انھوں نے آج’’ گذشتہ 9 سالوں میں ریاست تلنگانہ میں فلاح و بہبود ‘‘ کے عنوان پر جاریہ اسمبلی سیشن کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اولڈ پنشن اسکیم کے احیا پر ہمدردانہ غور کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ اس کے احیا سے ریاستی حکومت پر زیادہ مالی بوجھ نہیں پڑے گا لہذا چیف منسٹر سے وہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ 2003 کے بعد سے سرکاری ملازمین کی حیثیت سے تقرر شدہ ملازمین کو اس کے احیا سے فائدہ پہنچائیں۔
اسی طرح سے انھوں نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے عنقریب منعقد شدنی گروپ II امتحان کو ملتوی کرنے کی بھی خواہش کی ۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں مختلف امتحانات کے پیش نظر گروپ II امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواران کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لہذا حکومت اس امتحان کی تواریخ میں تبدیلی لائے۔

