حیدر آباد : 6 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
قائد مقننہ مجلس و رکن اسمبلی چندرائن گٹہ مسٹر اکبر الدین اویسی نے تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی میں مزید بہتری کا حکومت سے مطالبہ کیا۔
انھوں نے آج’’ گذشتہ 9 سالوں میں تلنگانہ کی ترقی ‘‘ کے عنوان پر جاریہ اسمبلی سیشن کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وقف بورڈ میں بدعنوانیوں کا بازار گرم ہے۔
لینڈ مافیا وقف اراضیات پر قبضے کررہی ہے جن کے چنگل سے ان اراضیات کو بچانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے وقف بورڈ قابضین کو ہتھکڑیاں ڈال کرجیل بھجوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کی سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ جاری تحقیقات میں مزید تیزی لائی جائے اور وقف بورڈ اراضیات پر قابضین کو جیل بھیجا جائے۔
اکبر السین اویسی نے کہا کہ وقف اراضیات دراصل اللہ کی امانت ہوتی ہیں اور ان اراضیات پر قبضہ کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشنا نہیں چاہئے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وقف ریکارڈ کو ڈیجٹلائزیشن کرنے کے عمل میں تیزی لائے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ریاست میں موجود وقف اراضیات کو محفوظ کیا جاتا ہے تب اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ہی ریاست کے مسلمانوں کے تعلیمی، صحت ، و روزگار کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کافی ہوں گی۔

