بھینسہ : 29/اگست (اپنا وطن نیوز)
آج کے اس پر آشوب دور میں لوگ طرح طرح کے جھانسے دیتے ہوئے معصوم عوام کو ٹھگنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، تاہم ایک ترکاری فروش نے بھینسہ شہر میں ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے سب کے دل جیت لئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع نرمل کے بھینسہ شہر کے پانڈری گلی کی رہنے والی ایک خاتون جو اپنے شوہر کے ہمراہ آج صبح موٹر سیکل پر کسی کام کی غرض سے جارہی تھی اور جس کے پاس ایک تھیلی بھی موجود تھی جو بھینسہ پولیس اسٹیشن سے متصل ترکاری مارکیٹ کے پاس اس خاتون کے ہاتھ سے گرگئی اور اس خاتون کو اس بات کا علم تک نہ ہوا۔
جیسے ہی مارکیٹ میں موجود لمرا ترکاری شاپ کے مالک سید احمد کی نظر اس تھیلی پر پڑی انہوں نے اپنی ایمانداری دکھاتے ہوئے اس تھیلی کو اٹھایا اور اس کو کھول کر دیکھا جس میں سونا، موبائل فون، نقد روپیئے، کپڑے اور دیگر سامان کو دیکھ کر سید احمد نے اپنی دکان کے سامنے موجود پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس تھیلی کو وہاں پر موجود پولیس سب انسپکٹران سندیپ اور محمد غوث کے حوالے کردیا۔
کچھ وقت گزرنے کے بعد ہی وہ خاتون اپنی تھیلی کے گمشدہ ہونے کی شکایت درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچی جس کے بعد پولیس سب انسپکٹران سندیپ اور محمد غوث نے تحقیقات کرتے ہوئے اس تھیلی کو خاتون کے حوالے کردیا۔
اس موقع پر پولیس سب انسپکٹران نے سید احمد عرف سی ایم کو پولیس اسٹیشن بلاکر ان کی شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی اور اس خاتون اور ان کے شوہر نے سید احمد کی ایمانداری پر جذباتی ہوتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

