ادھو ٹھاکرے کا سنسنی خیز تبصرہ
ممبئی: (ایجنسیز)
شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر ادھو ٹھاکرے نے اتوار کے دن مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں میں منعقد شدہ ایک پروگرام کے دوران سنسنی خیز تبصرہ کیا جس سے ملک کی سیاست میں طوفان دیکھا جارہا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ رام مندر کی افتتاحی تقریب کے بعد گودھرا جیسی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب کے لیے ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ بسوں اور لاریوں کے ذریعہ جمع ہوں گے اور واپسی کے سفر کے دوران گودھرا جیسا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
رام مندر کا افتتاح لوک سبھا انتخابات سے ایک ماہ قبل یعنی جنوری 2024 میں کیا جائے گا۔
واضح ہوکہ 27 فروری 2002 کو ایودھیا سے سابرمتی ایکسپریس پر واپس آنے والی کارسیوکوں کی ٹرین کو ریاست گجرات کے گودھرا اسٹیشن پر رکنے کے بعد اس کے ایک کوچ کو نذر آتش کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس واقعے نے ریاست گجرات میں بڑے پیمانے پر مسلم مخالف فسادات کو جنم دیا تھا۔

