عادل آبادضلع یوتھ کانگریس نائب صدر کی حیثیت سےعرفات احمد خان کا انتخاب

عادل آباد : 05/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
عادل آباد کانگریس کے حرکیاتی نوجوان مسٹر عرفات احمد خان کا ضلع یوتھ کانگریس نائب صدر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ہے۔
حالیہ دنوں منعقدہ یوتھ کانگریس انتخابات میں نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر مسٹر عرفات احمد خان پر بھروسہ جتایا اور انھیں  2,945 ووٹ حاصل ہوئے جس کے بعد ان کا بحیثیت نائب صدر یوتھ کانگریس کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا۔
مسٹر عرفات اپنی سادگی اور بے باکانہ اندازکے لئے کانگریس میں مشہور ہیں۔ طالب علمی کے دور سے ہی انھوں نے کانگریس کا دامن تھاما اور سالہا سال سے وہ اس پارٹی کے وفادار رہے۔ انھوں نے اسمبلی انتخابات اور پارلیمانی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر کانگریس پارٹی کی مہم میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ اپنی سخت محنت اور عوامی خدمات کے تئیں عادل آباد کے عوام بالخصوص نوجوانوں میں کافی مقبول ہوئے ہیں۔
عرفات احمد خان کا سیاسی سفر 2010 میں اس وقت شروع ہوا تھا جب انہیں اسی سال این ایس یو آئی عادل آباد ٹاؤن کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔ اس دور میں انہوں نے طلبہ اور شہر کے تعلیمی اداروں میں موجود مسائل کو اُجاگر کیا اور نوجوانوں کو سیاست میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔
سال 2014 سے 2016 تک عرفات یوتھ کانگریس کے وارڈ صدر رہے، جہاں انہوں نے عادل آباد کے نوجوان طبقہ کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور عوام کے درمیان اپنی مقبولیت بڑھائی۔
اس کے علاوہ انھوں نے سال 2017 سے 2020 تک،  این ایس یو آئی عادل آباد ضلع کے سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کا استعمال کر کے پارٹی کے پیغامات کو نوجوانوں تک پہنچایا اور سیاسی رابطہ کاری میں جدیدیت لائی۔
سال 2020 سے 2024 تک، عرفات احمد خان نے یوتھ کانگریس اسمبلی صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ضلع میں کانگریس کی پالیسیوں اور عوام کو اس سے قریب کرنے میں اہم رول ادا کیا۔
بحیثیت نائب صدر ضلع یوتھ کانگریس منتخب ہونے پر سابق صدر ضلع کانگریس ساجد خان کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین و کارکنان نے انھیں مبارکباد پیش کی اور ان کے بہتر سیاسی مستقبل و عوامی خدمات کے لئے اپنی نیک تمناؤں کااظہار کیا۔