بالا نگر پولیس نے اڈیسہ کے ایک شخص کو گرفتار کرلیا
حیدر آباد : 25/فروری (ایجنسیز)
خبر دار، دھیان رکھنا!
آپ کے بچے کون سی چاکلیٹ کھا رہے ہیں؟
چونکہ موجودہ دنوں میں بچوں کے چاکلیٹس پر دھیان رکھنا والدین کے لئے ضروری ہوتا جارہا ہے۔
ایسا اس لئے کہ آج بالا نگر پولیس نے اننت کمار نامی اوڈیشہ کے ایک شخص کو حیدرآباد میں بچوں اور مزدوروں کو گانجہ چاکلیٹ فروخت کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والا اننت کمار بالا نگر علاقے کے گھرک کانٹھا علاقے میں کرانے کی ایک چھوٹی سی دکان چلاتا تھا۔

اس دکان میں وہ ضروری سامان کے ساتھ گانجہ چاکلیٹ بھی فروخت کررہا تھا۔
بالا نگر SOT پولیس نے خفیہ اطلاع پر اننت کمار کی دکان پر چھاپہ مارا۔چھاپہ میں دکان سے چند چاکلیٹ بر آمد ہوئے۔ مزید تفتیش پر ملزم نے اپنی اسکوٹی گاڑی کی ڈکی میں مزید پیاکٹس کی نشاندہی کی۔
جس پر پولیس نے گاڑی کی ڈکی سے تین پیکٹوں میں 120 گانجہ چاکلیٹ برآمد کرلیں۔
بالا نگر پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدہ شخص ابتدائی طور پر طلباء، نوجوانوں اور مزدوروں کو مفت چاکلیٹ تقسیم کرتا تھا۔
ایک بار جب اس گانجہ چاکلیٹ کی لت لگ جاتی تب وہ ان چاکلیٹس کو فروخت کرنا شروع کرتا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ 5 گرام چاکلیٹ میں 14 فیصد گانجہ پتی کا عرق پایا گیاہے۔

ذرائع کے مطابق شہر میں گانجے سے بنی چاکلیٹس کی فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے بہت سے طلباء اور نوجوان دکانداروں کا شکار بن رہے ہیں۔
اگرچہ پولیس منشیات اور گانجہ کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے لیکن شہر حیدرآباد میں کہیں نہ کہیں نت نئے طریقوں کو اپناتے ہوئے اسمگلرس منشیات کی فروخت میں کامیاب ہورہے ہیں۔

