سرکاری اعزاز کے ساتھ اے ایس آئی یونس خان کی عادل آباد میں تدفین

عادل آباد : 6/جولائی (اپنا وطن نیوز)

حیدر آباد سی آئی ڈی میں بحیثیت اے ایس آئی خدمات پر معمور یونس خان کی تدفین  ان کے آبائی مقام عادل آباد میں سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام پائی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع مستقر عادل آباد کے محلہ ودیا نگر کے متوطن یونس خان بحیثیت اے ایس آئی محکمہ سی آئی ڈی حیدر آباد میں خدمات پر معمور تھے۔

متوفی اے ایس آئی یونس خان کی فائل فوٹو


حیدر آباد میں بروز جمعرات جبکہ وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران سیٹ ون بس میں سفر کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کی جانب جارہے تھے، قلب پر شدید حملہ کے باعث انتقال کرگئے۔

یونس خان کی نعش ان کے آبائی مقام عادل آباد منتقل کی گئی اور نماز جنازہ بعد نماز جمعہ عید گاہ میدان پر ادا کی گئی اور تدفین متصل قبرستان پر سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دی گئی۔

مقامی پولیس عملہ نے تین راؤنڈ ہوائی فائرنگ کرتے ہوئےمرحوم کو خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں ضلع ایس پی عادل آباد غوث عالم آئی پی ایس، ڈی ایس پی عادل آباد ایل۔جیون ریڈی نے متوفی اے ایس آئی کے مکان پہنچ کر نعش کا دیدار کیا اور رشتہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا۔

تدفین کے موقع پر حیدر آباد سی آئی ڈی ایس پی بی۔رام ریڈی، عادل آباد وومن پولیس اسٹیشن سی آٗی سرینواس، عادل آباد و نرمل ضلع پولیس ویلفیر اسوسی ایشن کے ذمہ داران  وینکٹیشورلو، وراثت علی، تاج الدین، بابر و دیگر موجود تھے۔