مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے قبائلی شخص کے پاؤں دھوئے

دو دن قبل قبائلی شخص پر ایک اعلیٰ ذات کے شخص کے پیشاب کرنے کا واقعہ

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے اپنے مکان پر قبائلی شخص کے پاؤں دھوئے

سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ کے اس اقدام کو سستی شہرت سے تعبیر کیا جارہا ہے

بھوپال: 6 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز)

 

مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں وہ قبائلی نوجوان جس پر پرویش شکلا نامی شخص نے پیشاب کیا تھا، وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نےاس کے پیر دھوتے ہوئے اعزاز سے نوازا ہے۔

 

دو روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔اس ویڈیو میں پرویش شکلا نامی شخص کو ایک قبائلی نوجوان دشمت پر پیشاب کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔

شکلا کو 5 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا اور کل مقامی انتظامیہ نے ان کی غیر قانونی تعمیر کو منہدم کر دیا تھا۔۔ اس معاملے میں شیوراج سنگھ چوہان نے حکم دیا تھا کہ ذمہ دار شخص کے خلاف این ایس اے کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

سوشل میڈیا پر اس خبر کے وائرل ہونے اور قبائلی مزدور کے خلاف برہمن شخص کے رویہ کے خلاف زبردست مہم دیکھی گئی اور بی جے پی کو اس واقعہ پر تنقیدوں کا نشانہ بنایاگیا تھا۔

وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ کی جانب سے متاثرہ شخص کے پیر دھونے کو لے کر بھی سوشل میڈیا پر مباحث کا دور شروع ہوچکا ہے۔

کوئی ان کی اس حرکت کی سراہنا کررہا ہے تو کوئی اسے جھوٹی شہرت قرار دے رہا ہے۔

 

ٹوئٹر یوزر اریجیت بسواس نے اس واعہ کو ڈراما قرار دیا اور کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا وزیر اعلیٰ اس قبائلی شخص کے مکان پہنچتے اور ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھاتے۔

 

اسی طرح ایک اور یوزر نے لکھا کہ کیا ہی اچھا ہوتا خود وزیر اعلیٰ متاثرہ کے مکان پہنچ کر یہ سب کرتے جبکہ متاثرہ شخص کو ان کے مکان بھوپال بلایا گیا تھا۔